ایران نے جوہری ہتھیار بنائے تو ہم بھی بنائیں گے : سعودی عرب

10 مئی 2018 (18:15)


ریا ض : سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے واضح کیا ہے کہ اگر ایران جوہری ہتھیار بناتا ہے تو پھر ان کا ملک بھی اپنے جوہری ہتھیار بنائے گا۔
سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے عادل الجبیر نے کہا کہ اگر ایران جوہری صلاحیت حاصل کرتا ہے تو پھر ہم بھی اس صلاحیت کے حصول کے لیے جو بن پڑا ، وہ کریں گے ۔ سعودی عرب ماضی میں بھی یہ کہہ چکا ہے کہ ایران جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے لیے جو کچھ کرے گا، وہ اس کا مقابلہ کرے گا۔ ایران نے یمن میں حوثی شیعہ باغیوں کی حمایت بدستور جاری رکھی ہوئی ہے اور وہ سرحد پار سعودی شہروں پر بیلسٹک میزائلوں اور راکٹوں سے حملے کررہے ہیں۔ سعودی عرب ایران پر یہ الزام عاید کرتا چلا آرہا ہے کہ وہ یمن میں حوثی باغیوں کو بیلسٹک میزائل مہیا کررہا ہے۔ ایران کی ان اشتعال انگیز کارروائیوں اور خطے میں مداخلت کی وجہ سے پہلے ہی دونوں ممالک کے درمیان سخت کشیدگی پائی جارہی ہے۔


عادل الجبیر نے بتایا کہ یہ میزائل ایرانی ساختہ ہیں اور حوثیوں کو مہیا کیے جارہے ہیں۔اس طر ح کا کردار بالکل ناقابل قبول ہے۔ان بیلسٹک میزائلوں سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔ایرانیوں کو اس معاملے میں قابل مواخذہ قرار دیا جانا چاہیے۔ ہم مناسب طریقے سے اور مناسب وقت پر اس اشتعال انگیزی کا جواب دیں گے ۔ فی الوقت ہم ہر قیمت پر ایران کے ساتھ براہ راست فوجی تصادم سے بچنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن ایران کے اس طرح کے کردار کو زیادہ دیر تک برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ ایران کا یہ عمل تو سیدھا سیدھا اعلان جنگ ہے اور اس کو یہی سمجھا جانا چاہیے۔

مزیدخبریں