عمران خان کی کسی بات پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا : نواز شریف
10 مئی 2018 (13:24)

اسلام آباد:سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہاہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب)بہت سے معاملات میں اختیارات سے تجاوز کر رہا ہے جبکہ چیئرمین نیب سے متعلق وزیراعظم کی پارلیمنٹ میں گفتگو خوش آئند ہے، فیصلہ کرنے کا وقت ہے کہ جمہوری حکومتوں یا ڈکٹیٹر کے بنائے قانون چلیں گے، آمر کے بنائے ہوئے قوانین جتنی جلدی ختم کردیں ملک کے لیے بہتر ہوگا، عمران خان کی کسی بات پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا ، وہ سیاستدان ہی کیا جس کی بات پر اعتبار نہ کیا جائے۔


احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ آمر کا بنایا ہوا قانون ختم ہونا چاہیے تھا، پرویز مشرف نے اپنے عزائم کی تکمیل کے لیے نیب کا قانون بنایا تاہم اب فیصلے کا وقت ہے کہ ملک میں جمہوری حکومتوں کے قانون چلیں گے یا آمروں کے۔ اس ملک کو عجیب تماشا بنایا جا رہا ہے، چیئرمین نیب کے حوالے سے وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں جو بات کی وہ خوش آئند ہے۔ نیب بہت سے معاملات میں اختیارات سے تجاوز کر رہا ہے، کیا ساری زندگی یہ کیس چلتا رہے گا، ان صندوقوں میں کچھ نہیں ، آٹھ ماہ گزر گئے کچھ نہیں ملا، واجد ضیا کے صندوق تین ماہ سے آرہے ہیں، اگر نیب کی طرف سے کوئی چیز سامنے آنی ہوتی تو پہلے 10روز میں آجاتی، جب تک نیب کو ثبوت نہ مل جائے یہ ٹرائل آگے بڑھتا رہے گا۔


نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کی کسی بات پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا ، وہ سیاستدان ہی کیا جس کی بات پر اعتبار نہ کیا جائے، جہاں عمران خان کو کچھ راس نہ آئے وہاں معیار دوسرا اور جہاں کوئی چیز راس آتی ہے وہاں ایک معیار ہوتا ہے۔ عمران خان کی بریت سے متعلق سوال پر نواز شریف نے کہا کہ اللہ نہ کرے ہماری قسمت عمران خان کی طرح ہو ۔


سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ آمر کے بنائے ہوئے قوانین جتنی جلدی ختم کردیں ملک کے لیے بہتر ہوگا، ترقیاتی کاموں اور فلاح و بہبود میں مصروف رہے جس کی وجہ سے اس طرف دھیان نہیں گیا۔ سوشل میڈیا پر چل رہا ہے کہ ٹائی ٹینک ڈوبنے کی وجہ سامنے آ گئی اور ٹائی ٹینک ڈوبنے پر نواز شریف کو نوٹس کا امکان ہے۔گوجرانوالہ سے راناعمر نذیر کی تحریک انصاف میں شمولیت پر نواز شریف نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے بھی سنا ہے کہ وہ تحریک انصاف میں جا رہے ہیں، ان کے بیٹے نے پارٹی صدارت کے لیے مجھے ووٹ نہیں دیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ شامل ہوئے وہ تحریک انصاف کے ساتھ اور عوام ہمارے ساتھ ہیں، جنوبی محاذ کے جو لوگ پی ٹی آئی میں شامل ہوئے انہیں کوئی جانتا تک نہیں ۔


ای پیپر