محکمہ صحت سندھ کی طویل مدت کیلئے تعلیمی ادارے بند رکھنے کی تجویز
کیپشن:   فائل فوٹو
10 مارچ 2020 (16:06) 2020-03-10

کراچی: کرونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر محکمہ صحت سندھ نے وزیر اعلی مراد علی شاہ سے سکولوں کو مزید بند رکھنے اور بڑے عوامی اجتماعات پر پابندی کی سفارش کر دی۔

سندھ میں کورونا وائرس نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ گزشتہ روز کراچی میں 9 نئے کیسز کے بعد سندھ سرکار میں کھلبلی مچ گئی۔ صورتحال کے پیش نظر میٹرک امتحانات بھی کھٹائی میں پڑ گئے۔ پی ایس ایل طرز کے بڑے عوامی اجتماعات سے بچنے کیلئے ایڈوائزری جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر صحت بھی شہریوں کو اپنی سرگرمیاں محدود کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔

وزیر صحت عذرا پیچوہو نے بتایا پی ایس ایل یا سکولوں کی بندش سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا، وہ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں ہو گا۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے بھی اس کی تصدیق کی۔ وزیر اطلاعات سندھ ناصر شاہ نے بتایا کہ شاپنگ سینٹرز اور دیگر جگہوں پر جانا عوام کی مرضی ہے، گراؤنڈ اور دیگر جگہوں پر سپرے کئے جائیں گے۔ انہوں نے پی ایس ایل کے حوالے سے بتایا کراچی میں کرونا وائرس سے میچز متاثر نہیں ہونگے، تمام میچز شیڈول کے مطابق ہونگے۔

ادھر ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے کراچی میں شیڈیول میچز میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، فیصلہ سندھ حکومت کی تجاویز کے مطابق کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق آج پی سی بی اور سندھ حکومت کے نمائندے اس حوالے سے حتمی فیصلہ کرینگے۔ کراچی کے 5 میچز منتقلی کی صورت میں میزبانی لاہور اور راولپنڈی کو دینے کا بیک اپ پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ محکمہ سندھ کے اجلاس میں کراچی آنے والے تمام مسافروں کی سکریننگ کیلئے ائیرپورٹ پر ہیلتھ ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

خیال رہے گزشتہ روز کراچی میں کرونا وائرس سے متاثرہ مزید 9 کیسز سامنے آگئے جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 16 ہوگئی۔ وزیر صحت سندھ کی ترجمان میرن یوسف نے بھی نئے کیسز کی تصدیق کی ہے جس کے بعد صوبہ سندھ میں کل مریضوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔

ترجمان کے مطابق 6 مریض شام سے براستہ دوحہ آنے والی پرواز کے ذریعے پاکستان پہنچے جبکہ 3 متاثرہ افراد گزشتہ ہفتے لندن سے براستہ دبئی پرواز کے ذریعے کراچی آئے تھے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کے مطابق تمام نئے کیسز پہلے سے کنفرم کیس سے رابطے میں رہنے والے لوگ ہیں جبکہ مریضوں سے رابطے میں رہنے والے مزید لوگوں کو ٹریس کیا جا رہا ہے۔ ملک میں اب تک کرونا وائرس کے 16 کیسز سامنے آچکے ہیں، جن میں سے کراچی میں 13، اسلام آباد میں 2 جبکہ گلگت بلتستان سے ایک کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔


ای پیپر