اگر نواز شریف کو نقصان ہوا تو وہ قتل تصور کیا جائے گا: خورشید شاہ
کیپشن:   فوٹو بشکریہ فیس بک
10 مارچ 2019 (12:59) 2019-03-10

سکھر: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، سب صحت یابی کی دعا کریں، اگر نواز شریف کو نقصان ہوا تو وہ قتل تصور کیا جائے گا، حکومت کو قصور وار سمجھا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق سکھر میں رہنما پیپلز پارٹی سید خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، سب صحت یابی کی دعا کریں، سروسز اور جناح ہسپتال میں امراض قلب کا شعبہ ہی نہیں ہے، ہم سیاست میں ذاتیات سے ہٹ کر بات کرتے ہیں۔

رہنما پی پی کا مزید کہنا تھا کہ ہماری سیاست گالم گلوچ نہیں، ہم نے بہت اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں، ہم نے کبھی بھی اقتدار کی بات نہیں کی، عوام کی بات کی، بدقسمتی سے عمران خان کو کنٹینر پر چڑھایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم نے کبھی اردو میں تقریر نہیں کی جبکہ قوم نے قائداعظم کی تقریر اور پیغام کو ہمیشہ سمجھا، عمران خان نے خود کو ابھی تک وزیراعظم نہیں سمجھا، وزیراعظم پورے ملک کا ہوتا ہے، صرف پارٹی کا نہیں ہوتا، عمران خان ابھی تک کنٹینر کی سیاست کر رہے ہیں، عمران خان کی سیاست گالم گلوچ اور کنٹینر کی سیاست ہے۔


ای پیپر