ریحام خان نے کتاب لانچ کرنے کی تیاری کر لی

10 جولائی 2018 (19:07)

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی دوسری سابقہ اہلیہ ریحام خان کی کتاب کے چرچے تو میڈیا پر رہتے ہی ہیں۔ ریحام خان کی کتاب سے متعلق سوشل میڈیا پر کئی قیاس آرائیاں ہوئیں کہ ریحام خان نے الیکشن سے قبل ہی کتاب لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر بات کرتے ہوئے ریحام خان نے کہا کہ کتاب کی لانچ سے متعلق تیاریاں کی جا رہی ہیں البتہ کتاب کی لانچنگ تقریب کی حتمی تاریخ طے نہیں ہوئی.

کوشش ہے کہ اپنی کتاب کو الیکشن سے قبل ہی منظر عام پر لے آوں۔تاہم اب سوشل میڈیا پر ریحام خان کی ایک تصویر وائرل ہو رہی ہے ، اس تصویر کو دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے کہ ریحام خان اپنی کتاب کے سرورق اور بیک پیج سے متعلق فیصلہ کر رہی ہیں۔ تصویر میں ریحام خان کے بیٹے کو بھی دیکھا جا سکتا ہے جو اپنی والدہ کی مختلف تصاویر تھامے ہوئے ہے۔ ریحام خان کی یہ تصویر وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے اس پر تبصرہ شروع کر دیا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کے مطابق ریحام خان نے واقعی اپنی کتاب لانچ کرنے کی تیاری کا آغاز کر دیا ہے اور یہ تصویر اس بات کا ثبوت ہے کہ ریحام خان عام انتخابات 2018ءسے قبل ہی اپنی کتاب لانچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں اور اس کے لیے کوشاں بھی دکھائی دیتی ہیں۔

واضح رہے کہ ریحام خان کی کتاب مارکیٹ میں آنے سے قبل ہی مختلف تنازعات کا شکار ہو چکی ہے۔ کتاب میں پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان اور ان کے ساتھیوں سے متعلق کیے گئے انکشافات اور بیان کی گئی کئی باتیں متنازعہ ہیں جنہوں نے سوشل میڈیا پر ایک بھونچال برپا کر دیا تھا۔

ریحام خان کی کتاب سے متعلق یہ بھی خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ کتاب عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے ووٹس کو متاثر کرے گی جبکہ کچھ مبصرین کے مطابق ریحام خان نے الیکشن سے قبل اپنی کتاب لانچ کرنے کا فیصلہ ہی اس لیے کیا ہے تاکہ وہ الیکشن میں پی ٹی آئی کو نقصان پہنچا سکیں۔ ریحام خان کی کتاب پر کئی تبصرے اور اس کی لانچ سے متعلق کئی پیشن گوئیاں ہو چکی ہیں لیکن سوشل میڈیا پر وائرل اس تصویر کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ کتاب جلد ہی مارکیٹ میں آجائے گی۔

مزیدخبریں