Image Source : Facebook

نوا ز شریف نے جیل میں ہونے والے سلوک کی داستان اہلخانہ کو سنا دی
10 جنوری 2019 (20:14) 2019-01-10

لاہور: شریف خاندان کے افراد اور پارٹی رہنماﺅںنے کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن)کے قائد محمد نواز شریف سے ملاقاتیں کیں‘ نواز شریف اور اہلخانہ نے دوپہر کا کھانا اکٹھے کھایا ‘ مریم نواز اورحمزہ شہباز سمیت پارٹی رہنماﺅں نے نواز شریف سے ملاقات میں قانونی معاملات‘ ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیاجبکہ نواز شریف نے پارٹی رہنماﺅں سے ملک کی معیشت اور عوام کے حالات بارے آگاہی حاصل کی ۔

تفصیلات کے مطابق کوٹ لکھپت جیل کے حکام کی جانب سے العزیز ریفرنس میں قید کی سزا کاٹنے والے سابق وزر یر اعظم محمد نوازشریف سے اہل خانہ ‘ رشتہ داروں ‘دوستوں اور پارٹی رہنماﺅں کی ملاقات کیلئے جمعرات کا دن مقرر کیا گیا ہے۔نواز شریف سے انکی والدہ بیگم شمیم اختر ،بیٹی مریم نواز ،بھتیجے حمزہ شہباز ،نواسے جنید صفدر، مرحوم بھائی عباس شریف کے اہلخانہ اور دیگر قریبی عزیزوں نے ملاقات کی ۔اہل خانہ نواز شریف کےلئے دوپہر کا کھانا ، ادویات اور دیگر ضروری سامان بھی ہمراہ لائے ۔اہل خانہ اور نواز شریف نے دوپہر کا کھانا اکٹھے کھایا۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف اپنے والدہ کے گلے لگے اور انہیں تسلی دیتے رہے جبکہ والدہ انہیں دعائیں دیتی رہیں ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ این آر او کی باتیں کرنے والے بتائیں کہاں ہے این آر او ‘انہوں نے کہا جیل میں مرحوم اہلیہ کلثوم بہت یاد آتیں ہیں ‘مجھے ٹی وی کی سہولت تک میسر نہیں صرف ایک اخبار دے دیا جاتا ہے اسی کو سارا دن پڑھتا رہتا ہوں ۔

نواز شریف نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں جو ترقیاتی کام کئے انہیں ختم کیا جا رہا ہے ‘سنا ہے پھر سے بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ شروع ہو گئی ہے ‘ہم نے بھر پور کوششوں سے لوڈ شیڈنگ پر قابو پایا تھا ۔پارٹی رہنما ﺅں مشاہد اللہ خان، رانا ثنا اللہ ، خواجہ آصف ، مصدق ملک ، مریم اورنگزیب ، پرویز رشید ، آصف کرمانی ، رانا تنویر ، ملک ندیم کامران ،نزہت صادق ،منشا اللہ بٹ‘پیر اشرف رسول ،مرزا جاوید ،عظمی بخاری ، سمیع اللہ خان ،وارث کلو ،سابق مشیر خارجہ طارق فاطمی ،نجم سیٹھی اورجگنو محسن نے بھی نواز شریف سے ملاقات کی ۔پارٹی رہنماﺅں اور دیگر نے نواز شریف سے ان کی صحت بارے آگاہی حاصل کی ۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے ملاقات کےلئے آنے والے رہنماﺅں سے ملک کی مجموعی صورتحال خصوصا معاشی اور عوام کے حالات بارے آگاہی حاصل کی ۔نواز شریف نے مریم نواز ، حمزہ شہباز اور پارٹی رہنماﺅں سے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ‘ احتساب عدالت کے فیصلے سے متعلق قانونی معاملات اور پارٹی امور کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر (ن)لیگ کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نواز شریف اور ان کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے کوٹ لکھپت جیل کے باہر جمع رہی اور کارکنوں نے شریف خاندان کی گاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ان نواز شریف کے حق میں نعرے لگائے ۔


ای پیپر