فوٹو بشکریہ فیس بک

کوٹ لکھپت جیل، نواز شریف سے ملاقات کیلئے لیگی رہنما پہنچ گئے
10 جنوری 2019 (12:27) 2019-01-10

لاہور: نواز شریف سے جیل میں ملاقات کے لیے لیگی رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد کوٹ لکھپت پہنچ گئی۔

نواز شریف سے جیل میں ملاقات کا دن، مریم اورنگزیب، مشاہداللہ خان، خواجہ آصف، رانا ثناء اللہ سمیت دیگر لیگی رہنما کوٹ لکھپت پہنچ گئے۔ متوالوں نے کوٹ لکھپت جیل کے باہر پارٹی قیادت کے حق میں نعرے بازی کی۔

میڈیا سے گفتگو میں مشاہد اللہ نے نواز شریف کو جمہوریت کا اسٹیک ہولڈر قرار دیا، کہا میاں صاحب کو سر نہ جھکانے کی سزا دی جا رہی ہے۔ ملکی سیاست کو صراط مستقیم پر چلانے کی وجہ سے نواز شریف جیل میں ہیں۔

لیگی رہنما نے پی ٹی آئی کو بھی نشانے پر رکھا، بولے قوم پر مسلط کی گئی حکومت نے عوام کا جینا دو بھر کردیا۔ حکومتی وزرا کرپٹ جبکہ عمران خان اپوزیشن کا احتساب کر رہے ہیں۔

راناثناء اللہ نے انتقامی احتساب کو ملک میں عدم و استحکام کی وجہ ٹھہرایا۔ لیگی رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کو زمین کی ساتویں تہہ میں بند کر دیں مگر وہ عوام کے دلوں میں رہیں گے۔


ای پیپر