Scientific cooperation agreement between Hazara University Mansehra and Allama Iqbal Open University
10 دسمبر 2020 (14:56) 2020-12-10

مانسہرہ : ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد کے درمیان نصابی ،سائنسی، تکنیکی اور ثقافتی تعاون کو بڑھانے کے لئے معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے پر وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیا القیوم نے دستخط کیے۔

تین سالہ معاہدے کے تحت دونوں ادارے فیکلٹی ممبرا ن اور ریسرچ سکالرز سمیت ،سائنسی مقالہ جات اور نصابی موادکے تبادلے اور مشترکہ تحقیقی مقالہ جات کی اشاعت کر سکیں گے جبکہ جوائنٹ ریسرچ پراجیکٹس اور مختلف تعلیمی شعبہ جات میں طلبا کی رہنمائی کے لئے دوطرفہ کوششوں کو فروغ دیا جائے گا۔مذکورہ معاہدے کے تحت دونوںادارے باہمی تعاون کو بروئے کار لاتے ہوئے مختلف تعلیمی شعبوں کے طلبا کے نصاب اورکورسزمیں بہتری اور جدت لانے کے حوالے سے اقدامات کریں گے جبکہ آن لائن کتب کی فراہمی ، سیمینارز،اور کانفرنسز کے انعقاد سمیت نصابی مواد تک رسائی بھی معاہدے کا حصہ ہیں۔

اس موقع پر وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی اپنے جغرافیائی محل وقوع ، پرفضا اور پر امن تعلیمی ماحول کی بدولت ملکی جامعات میں ایک منفرد مقام رکھتی ہے جبکہ تاریخی شاہرا ہ قراقرم اور سی پیک کے سنگم پر واقع ہونے کی وجہ سے ہزارہ یونیورسٹی بین الاقوامی اہمیت حاصل کر چکی ہے۔وائس چانسلر نے کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی اس وقت ملکی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ کئے گئے کئی معاہدوں پہ عمل پیرا جس سے یونیورسٹی میں پہلے سے جاری تعلیمی سرگرمیوں میں مزید وسعت آئی ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ساتھ ہونے والے آج کے معاہدے سے ہزارہ یونیورسٹی ایک نئے دور میں داخل ہو گئی ہے جس میں تحقیق اور تخلیق کی نئی راہیں کھلیں گی اور دونوں اداروں کے طلبا اورمحققین ایک دوسرے کے تجربات اور علمی بصیرت سے بھرپور استفادہ کریں گے۔ اس موقع پر وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام اباد پروفیسر ڈاکٹر ضیا القیوم نے کہا کہ دنیا بھر میں تعلیم کے میدان میں جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جا رہا ہے جس سے اس شعبے میں بہت تیزی آئی ہے وقت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے اداروں کو سائنٹفک بنیادوں پر استوار کرتے ہوئے دیگر اقوام سے قدم ملائیں تاکہ عصری تقاضوں کو پورا کیا جا سکے۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں کورونا وبا کے دوران درپیش چیلنجز کو موقع جان کر فاصلاتی نظام تعلیم کے فروغ اور اسے دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں تک پہنچانے کے لئے اپنی توانیائیاں صرف کرنی چاہیئں اور اس مقصد کے حصول کے لئے مختلف تعلیمی اداروں کو ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے بھرپور کوششیں کرنا ہونگی۔ اس موقع پر ہزارہ یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ORICپروفیسر ڈاکٹر محسن نواز، منیجر ر یونیورسٹیز لینکجز زبیر عالم خان، رجسٹرار علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی رانا سہیل ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ORICڈاکٹر لطیف گوندل،ایڈیشنل ڈائریکٹر ORICڈاکٹر صائمہ ناصر اور مینجر آپریشن محمد مشتاق بھی موجود تھے۔


ای پیپر