Benazir Bhutto had this pain, why she did not participate in the election of 1985: Sheikh Rashid
10 دسمبر 2020 (13:47) 2020-12-10

لاہور:وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام کے بجائے اسلام آباد پر نظر رکھی ہوئی ہے،مینار پاکستان سے ہی پی ڈی ایم نیچے آ جائے گی،پاکستان کے سارے سیاسی چودھری بھی مرجائیں فضل الرحمان کا قرعہ نہیں نکلے گا،مولانا فضل الرحمان دین کی خدمت بہتر طریقے سے کرسکتے ہیں،سیاست کی بھوک مولانا فضل الرحمان کو کہیں کا نہیں چھوڑے گی،جو کہتے تھے 8 تاریخ کو آر یا پار ہوگا وہ اب بیچ منجدھار ہوگا اور بے نظیر کو یہ درد رہا اس نے 85 ءکے الیکشن میں کیوں حصہ نہیں لیاجبکہ 13، 14 اور 16 دسمبر کو وزیراعظم عمران خان کیلئے خوشخبریاں ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشیداحمد نے کہا کہ گریڈ 6 سے 10 تک کے ملازمین کی پنشن اگلے ماہ دیں گے،ایک سے 5 گریڈ کے تمام لوگوں کی پنشن ریلیز کردی ہے، استعفے دینے یا نہ دینے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، پی ڈی ایم کا ملتان کا جلسہ واجبی تھا جبکہ پی ڈی ایم والے جنوری میں اسلام آباد شوق سے آئیں، سردی انتظار کر رہی ہے۔

شیخ رشید احمد کا مزید کہنا تھا کہ مارچ میں سینیٹ الیکشن کے بعد وزیراعظم عمران خان مزید مضبوط ہوں گے، عمران خان نے انہیں سیاسی ڈائیلاگ کیلئے اسمبلی آنے کی دعوت دی ہے، جن سے یہ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں نوازشریف کا بیانیہ ان کیخلاف ہے، جن سے یہ مذاکرات کی خواہش رکھتے ہیں انہیں نوازشریف نہیں مانتے، پیپلز پارٹی تاش کے پتے چھاتی سے لگا کر کھیل رہی ہے جبکہ حالات چاہے جیسے بھی پی ڈی ایم بینفشری نہیں ہوگی اوریہ بند گلی کی طرف جا رہے ہیں، بند گلی کے آگے گڑھا ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ سسٹم کو چلتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہوں،لاہور اس وقت ہائی الرٹ ہے،بھارت پاکستان کو بارڈرز پر نہیں چھیڑ سکتا،اپوزیشن والے بتائیں غریب کو انہوں نے دیا کیا ہے، ان کے بچے محفوظ گھروں میں ہیں، غریب کے بچوں کو کورونا سے مارنا چاہتے ہیں،2021 میں بغداد کے شعلے بھی ہوسکتے ہیں اور ہانگ کانگ کی راتیں بھی ہوسکتی ہیں جبکہ یہ ملکی سالمیت کو اپنی سیاست کی نذر کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی سیاستدان مصالحت کے دروازے بند نہیں کرتا،جو لوگ یہ امید لگائے بیٹھے ہیں ملک میں مارشل لا لگے گا وہ غلطی پر ہیں،13 دسمبر کے بعد عمران خان کیلئے خوشخبری کے دن ہیں،عمران خان کا کہنا ہے حکومت چھوڑدیں گے این آر او نہیں دیں گے، آصف زرداری چھٹا بحری بیڑہ ہے، وہ حالات کی نوعیت سے واقف ہے،آصف زرداری حالات سے فائدہ اٹھانے کی بھرپور کوشش میں ہے جبکہ مریم نواز اپنے چچا اور کزن کو مروانے کی کوشش میں ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہبازشریف اور حمزہ شہباز کے کیسز انتہائی سنجیدہ ہیں،اس ملک میں ایسے لوگ ہیں جو انتشار پھیلانے کیلئے سرمایہ کاری کررہے ہیں،وہ سرمایہ کاری دہشت گردی، خلفشار پھیلانے کی صورت میں ہے،یہ سرمایہ کاری معیشت کو تباہ کرنے کی کوشش کی صورت میں بھی ہے،بھارت نے پاکستان کی سرحدوں کو چھیڑا تو پاک فوج ایسا سبق سکھائے گی وہ یاد رکھے گا،پیپلز پارٹی سندھ سے استعفے دینے کے بعد کہاں جائے گی،یہ استعفے دینے کے بعد جیلوں میں جائیں گے انہیں سی کلاس میں رہنا ہوگا۔

عوا می مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفر نس میں کہا کہ ابھی ہلکی پھلکی موسیقی ہے، ڈریں اس وقت سے جب بڑے مقدمات ہوں گے،ہم جیل میں تھے، گھر کے صوفے سے کلاشنکوف نکلی اور 7 سال قید ہوئی،نوازشریف سب کو گولی دینے میں کامیاب ہوکر ہاتھ سے نکل گیا،فوجی اتنا ہوشیار نہیں ہوتا جتنا بزنس مین چالاک ہوتا ہے،پرامید ہوں سب لوگ استعفوں کی طرف نہیں جائیں گے،پہلے سوچا تھا م سے ش کا چھوٹا گروپ بنے گا، اب بڑاگروپ بنے گا،یہ چاہتے ہیں مارچ سے پہلے سینیٹ میں پی ٹی آئی کی اکثریت نہ ہو،حکومت نے مہنگائی میں بہت حد تک قابو پالیا ہے،مہنگائی میں کمی کا رجحان ہے تیزی ختم ہوتی جا رہی ہے،پی ڈی ایم کا آپس میں اتحاد نہیں،ان کا ایک نکتے پر اتفاق ہے، مولانا فضل الرحمان کو یہ چند سیٹیں دیدیں گے، عمران خان 13 اگست کو مینار پاکستان سے اوپر گیا تھا جبکہ پی ڈی ایم والے 13 دسمبر کے بعد مینار پاکستان سے نیچے آئیں گے۔


ای پیپر