CTD police, Indian intelligence agency, RAW, terror attempt, Lahore
10 دسمبر 2020 (10:37) 2020-12-10

لاہور: بھارتی خفیہ ایجنسی را کا لاہور میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، سی ٹی ڈی نے سول سیکرٹریٹ لاہور پر بم دھماکہ کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے شاہدرہ میں کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشتگردوں کا تعلق بھارتی خفیہ ایجنسی "را" سے ہے۔ دہشت گرد سول سیکرٹریٹ لاہور پر بم دھماکے کا منصوبہ رکھتے تھے۔

خیال رہے کہ سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کے کاونٹر ٹیررزم ونگ نے شاہدرہ کے علاقہ میں کاروائی کی دوران کاروائی پانچ دہشت گرد گرفتار کر لیے گئے۔ دہشت گرد سول سیکرٹریٹ لاہور بم دھماکہ سے اڑانے کے لیے روانہ ہو رہے تھے۔

واضح رہے کہ دہشت گردوں کا تعلق افغانستان سے ہے جو دو ماہ قبل پاکستان پہنچے، دہشت گردوں میں سمر کند، عبدالرحمان، عمران، وزیر گل اور عصمت اللہ شامل ہیں۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کے قبضہ سے بارودی مواد، اسلحہ، پاکستانی و افغانی کرنسی اور بھارتی ویزا درخواست فارم برآمد ہوئی۔ دہشت گردوں کو حملہ کا ٹاسک جلال آباد افغانستان میں دیا گیا تھا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ افغانی حساس ادارے این ڈی ایس کے انڈر کور ایجنٹ قاری مجیب الرحمان نے دہشت گردوں کو حملہ کا ٹاسک سونپا تھا۔ ملاقات کے دوران بھارتی ایجنسی را کے افسران بھی موجود تھے۔ دہشت گردی کی کارروائی کے لیے تمام مالی معاونت را نے کی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستانی حکام نے انکشاف کیا تھا کہ مودی سرکار اپنی ناکام پالیسیوں کو چھپانے کے لیے پاکستان پر خفیہ حملے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

مودی کے جنگی جنون کو دیکھتے ہوئے پاکستان میں مسلح افواج کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ لداخ اور دوکلم میں ہزیمت کے بعد ہندوستان پر اندرونی اور بیرونی وباؤ ہے جس کی وجہ سے بھارتی فوج بارڈر ایکشن یا سرجیکل سٹرائیک کا سہارا لے سکتا ہے۔

واضح رہے کہ لاہور میں 13 دسمبر کو جلسہ ہونا ہے اور پاکستانی حکام پہلے ہی بھارتی خفیہ ایجنسی را کی جانب سے دہشتگردی کی پیشگوئی کر چکی ہے۔


ای پیپر