Maryam Nawaz, public contact, campaign, Lahore jalsa, PDM
10 دسمبر 2020 (09:44) 2020-12-10

لاہور: پی ڈی ایم کے لاہور جلسے کو کامیاب بنانے کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی عوامی رابطہ مہم جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق مریم نواز آج گجومتہ سے داتا دربار تک ریلی نکالیں گی ، ریلی کے لیے ن لیگ لاہور کی جانب سے 15 مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ ریلی 2 بجے گجومتہ سے روانہ ہوگی ، منتخب ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں مریم نواز کا ستقبال کریں گے۔ ریلی داتا دربار پر دعائیہ تقریب کے بعد اختتام پذیر ہو گی۔

خیال رہے کہ مریم نواز جاتی عمرہ سے براستہ رنگ روڑ گجومتہ پہنچیں گی۔

ادھر لاہور مسلم لیگ ن کی موٹر سائیکل ریلی کے شرکاء کے خلاف تھانہ نواب ٹاؤن میں مقدمہ درج ، لیگی ارکان اسمبلی سیف الملوک کھوکھر ، افضل کھوکھر ، فیصل کھوکھر سمیت دیگر افراد کو ملزمان نامزد کیا گیا ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی کی جانب سے اپنی قیادت کو استعفے بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اوکاڑہ سے چودھری منیب الحق جبکہ وہاڑی سے میاں عرفان دولتانہ اور میاں ثاقب خورشید نے اپنے استعفے پارٹی قیادت کو بھجوا دیئے ہیں۔

خیال رہے کہ لاہور میں پی ڈی ایم کا جلسہ 13 دسمبر کو ہو گا۔ جس میں پورے پاکستان سے سیاسی کارکن شرکت کریں گے۔ سیاسی رہنماوں کا کہنا ہے کہ یہ جلسہ فیصلہ کرے گا کہ حکومت رہے گی یا نہیں۔

یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمان کی دعوت پر کل مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری نے اُن کے گھر ملاقات کی تھی جس میں استعفوں اور لانگ مارچ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ادھر پیپلز پارٹی نے استعفے دینے کی یقین دہانی نہیں کرائی بلکہ آصف علی زرداری نے 26 دسمبر کی مرکزی مجلس عاملہ کے فیصلے تک وقت مانگا ہے۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے پی ڈی ایم قیادت سے کہا ہے کہ وہ کوشش کریں گے سی ای سی پی ، ڈی ایم کے فیصلے کی توثیق کر دے۔


ای پیپر