The Pakistan Army pays homage to the hero of the 1971 sawar Muhammad Hussain Shaheed
10 دسمبر 2020 (09:13) 2020-12-10

راولپنڈی: پاک فوج نے 1971 جنگ کے ہیرو سوار محمد حسین شہید کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

  پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے ڈی جی میجر جنرل افتخار بابر نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ظفر وال، شکر گڑھ سیکٹر ، 1971 میں سوار محمد شہید نے عظیم قربانی دی۔ ان کے نڈر عمل اور جرا ت سے دشمن کو بھاری نقصان پہنچا، انہوں نے اکیلے 16 ہندوستانی ٹینکوں کو تباہ کردیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ ہمارے شہید ہمارے ہیروز کا ہیش ٹیگ استعمال کیا۔

یاد رہے کہ سوار محمد حسین جنجوعہ شہید 18 جون 1949 ءکو ضلع راولپنڈی کی تحصیل گوجر خان کے ایک گاﺅں ڈھوک پیر بخش میں پیدا ہوئے۔انہوں نے 3 ستمبر 1966 ءکو 17 سال کی عمر میں پاک فوج میں بطور ڈرائیور شمولیت اختیار کی اور ڈرائیور ہونے کے باوجود عملی جنگ میں بھرپور حصہ لیا۔

انہوں نے پاک بھارت جنگ میں حصہ لیا اور 10 دسمبر 1971 ءکو شام 4 بجے بھارتی فوج کی مشین گن سے نکلی گولیاں ان کے سینے پر لگیں اور وہ وہیں خالق حقیقی سے جاملے۔ان کی اس بہادری کے اعتراف میں پاک فوج نے انہیں اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا۔

سوار حسین شہید کے علاوہ کیپٹن راجہ محمد سرور شہید،میجر طفیل شہید،راجہ عزیز بھٹی شہید،میجر محمد اکرم شہید،راشد منہاس شہید،میجر شبیر شریف شہید،لانس نائیک محمد محفوظ شہید،کرنل شیر خان شہید اور حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔


ای پیپر