Indian Army firing on Khoi Ratta sector, 2 enemy soldiers killed, 2 Pak Army soldiers martyred
10 دسمبر 2020 (07:41) 2020-12-10

راولپنڈی: بھارتی فوج کی ایل او سی کے کھوئی رٹہ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان کے مطابق پاک فوج نے کھوئی رٹہ سیکٹر پر بھارتی اشتعال انگیزیوں پر بھر پو ر جواب دیاجبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوان سپاہی ظروف اور لانس نائیک طارق جام شہادت نوش کرگئے۔

پاک فوج کی جانب سے دیے گئے جواب میں بھارتی فوج کو شدید جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑااور دشمن فوج کے دو فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں دشمن کی گنیں خاموش ہوگئیں۔

دوسری جانب پاک فضائیہ اور چینی فضائیہ کے مابین مشترکہ ہوائی مشق شاہین- IX پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل ائیر بیس پر شروع ہوگئی۔ 

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق چینی فضائیہ(PLAAF) کا دستہ پائلٹس، ائیر ڈیفنس کنٹرولرز اور تکنیکی عملے پر مشتمل ہے جو اس فضائی مشق میں حصہ لے گا۔

ایئر وائس مارشل وقاص احمد سلہری، ڈپٹی چیف آف ائیر سٹاف(آپریشنز) پاک فضائیہ اور میجر جنرل سن ہانگ، اسسٹنٹ چیف آف سٹاف چینی فضائیہ (PLAAF) اس افتتاحی تقریب کے موقعے پر موجود تھے۔ 

میجر جنرل سن ہانگ نے کہا کہ یہ مشترکہ فضائی مشق جنگی تربیت کو مزید بہتر بنانے اور دونوں فضائی افواج کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوں گی۔چینی فضائیہ کے عملے کو خوش آمدید کرتے ہوئے ائیر وائس مارشل وقاص احمد سلہری نے کہا کہ ان مشقوں سے دونوں ممالک کے مابین بالعموم اور دونوں فضائی افواج کے مابین باالخصوص عسکری تعاون کو فروغ حاصل ہو گا۔فضائی مشق شاہین۔IX چینی فضائیہ کے ساتھ ہونے والی فضائی مشقوں کے سلسلے کی نویں مشق ہے جو کہ ہر سال دونوں ملکوں میں باری باری منعقد ہوتی ہیں۔


ای پیپر