Source : Yahoo

اسد قیصر سپیکر قومی اسمبلی اور چوہدری سرور گورنر پنجاب نامزد
10 اگست 2018 (17:02) 2018-08-10

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف نے اسد قیصر کو اسپیکر قومی اسمبلی اور چوہدری سرور کو گورنر پنجاب اور چوہدری پرویز الہی کو سپیکر پنجاب اسمبلی نامزد کر دیا۔

بنی گالا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا کہ آج کے اجلاس میں کچھ اہم فیصلے کیے گئے، جس میں طویل مشاورت کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے اسد قیصر تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے جبکہ چوہدری محمد سرور کو گورنر پنجاب کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔شاہ محمودقریشی نے بتایا کہ اسد قیصر خیبرپختونخوا اسمبلی میں اسپیکر رہے اور تمام روایات سے واقف ہیں، انہوں نے تمام جماعتوں کے ساتھ اچھے تعلقات بنائے اور ان کا رویہ دوسری جماعتوں کے لوگوں کے ساتھ قابل تعریف ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چوہدری سرور گورنر رہ چکے ہیں، وہ پنجاب کی سیاست جانتے ہیں اور گورنر کے آئینی کردار سے واقف ہیں جبکہ وہ پارلیمانی بورڈ کا حصہ بھی تھے۔

چودھری سرور سیاسی استحکام کیلئے بہترین کام کریں گے، چودھری سرور گورنر رہ چکے ہیں، وہ آئینی کردار سے واقف ہیں،شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ نامزد گورنر پنجاب ہمارے پارلیمانی بورڈ میں شامل تھے اور وہ مختلف فیصلوں میں شامل تھے، ہم چاہتے تھے کہ ان کے سینئر ہونے کا فائدہ اٹھائیں اور وہ صوبے میں سیاسی استحکام کے لیے بہتر کردار ادا کریں گے، شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب صوبے میں لوگوں نے تحریک انصاف کو ووٹ دیا اور اعتماد کیا اور آج پنجاب میں ہماری جماعت کو واضح اکثریت حاصل ہوچکی ہے اورپنجاب میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آچکے ہیں وزیراعلی پنجاب کے امیدوار کا اعلان عمران خان کریں گے۔

انہوں نے کہا فیصلہ ہواہے کہ 13 اگست کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا گیاہے جس دن تمام ممبران حلف لیں گے اور یہ بھی فیصلہ ہواہے کہ اسی رات کو آٹھ بجے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے تمام اتحادی جماعتوں سمیت تمام اراکین اسمبلی کو مدعو کیا گیاہے جس میں آئندہ لے لائحہ عمل سے متعلق مشاورت بھی ہو گی اور اہم فیصلے بھی کیے جائیں گیاانہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے ہمارے ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حمایت کرنے پر مسلم لیگ (ق)، عوامی مسلم لیگ اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سمیت تمام اتحادیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی)کے سربراہ جام کمال سے ہماری اچھی بات چیت ہوئی اور ان کے اتحادیوں سے بھی مذاکرات ہوئے۔پی ٹی آئی رہنما نے مزید بتایا کہ کراچی میں پیر پگارا اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس(جی ڈی اے) کی قیادت سے ملاقات ہوئی .

اس موقع پر جی ڈی اے نے مکمل اور غیر مشروط حمایت کا فیصلہ کیا، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کچھ ممبران کو ارکان قومی اسمبلی سے رابطے کیلئے ذمہ داریاں سونپی ہیں، پرویز خٹک کے پی اور فاٹا کے ارکان قومی اسمبلی سے رابطے میں ہوں گے، سندھ سے عارف علوی ارکان قومی اسمبلی سے رابطے میں رہیں گے، مغربی پنجاب سے چودھری سرور ، مشرقی پنجاب کے ممبران قومی اسمبلی سے شفقت محمود رابطہ میں رہیں گے۔ انہوں نے کہا امید ہے پورا پارلیمانی عمل احسن طریقے سے سر انجام ہوگا


ای پیپر