پی ڈی ایم میں اختلاف سے اپو زیشن کی سیاست کو دھچکا لگا ہے، قمر زمان 
10 اپریل 2021 (20:35) 2021-04-10

کھاریاں :پی ڈی ایم میں اختلاف سے اپو زیشن کی سیاست کو دھچکا لگا ہے، یوسف رضا گیلانی سینٹ میں اپوزیشن کاجمہوری کردار ادا کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء پاکستان کے مر کزی جنرل سیکرٹری پیر سید صفدر شاہ گیلانی نے پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ اور جنرل سیکرٹری چوہدری منظور احمد سے ملاقات کی اور ملکی سیاست اور موجودہ حالات پرگفتگو ہوئی، اس موقع پر پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر چوہدری قمر زمان کائرہ نے کہاکہ پی ڈی ایم میں اختلاف سے اپوزیشن کی سیاست کو دھچکا پہنچا ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا سینٹ میں اب اپوزیشن لیڈر کی صورت میں سید یوسف رضا گیلانی ایک تجربہ کار اور با صلاحیت سیاستدارن ہے،وہ سینٹ میں اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلیں گے اور سینٹ میں جمہوری روایات کو تحفظ دلوائینگے۔

جمعیت علماء  پاکستان کے رہنما پیر صفدر شاہ گیلانی نے کہا کہ پاکستان مختلف معاشی، جمہوری مسائل کا شکار ہے،اب تمام قومی قیادت کو سنجیدہ رویہ اختیار کرنا ہو گا،ذاتی مفادات کی خاطر ملک و قوم کو تباہی کی طرف ڈھکیلنا، وطن دشمنی کے مترادف ہے۔

واضح رہے اس سے قبل پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے مولانا فضل الرحمن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں محمود خان اچکزئی نے پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن کی صحت کے بارے میں دریافت کیا ،دونوں رہنمائوں نے ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا ،اس موقع پر محمود خان اچکزئی نے مولانا فضل الرحمن سے پی ڈی ایم کے آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق بھی گفتگو کی ،جس پر دونوں رہنمائوں نے عید کے بعد ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ۔

ذرائع کے مطابق دونوں سیاسی رہنمائوں کی گفتگو کے دوران طے پایا کہ عید کے بعد ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کی جائے۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہمارا مقصد عمران خان کو ہٹانا نہیں، ہم فرسودہ نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں۔اس موقع پر فضل الرحمٰن اور اچکزئی نے اتفاق کیا کہ عید کے بعد کوئی ساتھ چلے یا نہ چلے، ہم حکمت عملی سے نکلیں گے۔


ای پیپر