ملک بھر میں عزاداری کے جلوسوں کی تفصیلات جانئے
09 ستمبر 2019 (11:24) 2019-09-09

اسلام آباد : پاکستان بھر میں آج نویں محرم پورے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے اور عقیدت مند شہدائے کربلا کی یاد میں غمگین ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کربلا میں نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسینؑ اور ان کے ساتھیوں کی قربانیوں کی یاد میں آج ملک بھر کے بڑے ٗ چھوٹے شہروں میں 9 محرم الحرام کے جلوس نکالے جائیں گے۔ لاہور میں مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمدہو چکا ہے جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا خیمہ سادات امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔ راولپنڈی کی امام بارگاہ یادگار حسین کمرشل مارکیٹ سے الم کا جلوس برآمد ہوا ٗ جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ یادگار حسین پر اختتام پذیر ہو گا۔

پشاور میں شبیہ ذوالجناح کا جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال سے 10 بجے برآمد ہو گا۔ صدر روڈ ٗ فخر عالم روڈ ٗ کالی باڑی ٗ چوک فوارہ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ہال پر اختتام پذیر ہو گا۔ اسلام آباد میں 9 محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ثنایہ شریف سے دوپہر ایک بجے برآمد ہوگا ۔کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے دوپہر 12 بجے برآمد ہو گا جو پیپلز چورنگی ٗ صدر دواخانہ ٗ بولٹن مارکیٹ ٗ کھارہ در سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیہ ٗ امام بارگاہ کھارہ در پر اختتام پذیر ہو گا۔


ای پیپر