فوٹوبشکریہ فیس بک

ایم ایم عالم روڈ پر پلازہ میں لگنے والی آگ کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی گئی
09 ستمبر 2018 (11:55) 2018-09-09

لاہور: لاہور کے ایم ایم عالم روڈ پر پلازہ میں لگنے والی آگ کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ایم ایم عالم روڈ پر واقع پلازے میں آتشزدگی کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی گئی، آگ تاروں کے گچھے میں لگی، آگ لگی یا لگائی گئی تحقیقات جاری ہیں۔ پلازہ میں آگ کے باعث تیسری منزل کے 3 کمرے متاثر ہوئے، پلازے میں کوئی اہم سرکاری دفتر موجود نہیں ہے۔

ریسکیو رپورٹ کے مطابق 43 افراد کو بحفاظت پلازے سے نکالا گیا جبکہ گھٹن سے متاثر 7 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا اور ایک فرد چھلانگ لگانے کے باعث جاں بحق ہوا۔ پلازے میں واٹر ہائیڈرنٹ اور ہنگامی خارجی راستے موجود ہیں۔ 35 افراد انتظامات ہونے کے باعث خود سے باہر نکلے۔

واضح رہے کہ آگ سے متاثرہ پلازہ شہباز شریف کے داماد علی عمران کی ملکیت ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ایم ایم عالم روڈ پر قائم پلازہ شہباز شریف کے داماد علی عمران کا ہے، صاف پانی کمپنی کیس کا ریکارڈ بھی اس پلازہ کے ایک دفتر میں تھا۔ جس فلور پر آگ لگی وہاں علی ٹریڈ اینڈ کمپنی کا دفتر موجود تھا، صاف پانی کمپنی، علی ٹریڈ اینڈ کمپنی کے معاہدے کا ریکارڈ بھی اسی دفتر میں تھا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ علی عمران نے صاف پانی کمپنی اور پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کا ریکارڈ نہیں دیا، ان دونوں کمپنیوں کا ریکارڈ جلنے کا قوی خدشہ ہے۔

 


ای پیپر