Spy,James Bond,Hollywood
09 نومبر 2020 (19:13) 2020-11-09

ہالی ووڈ کی شہرہ آفاق جاسوس فلم سیریز جیمز بانڈ کی پہلی فلم میں جاسوس ایجنٹ کا کردار نبھانے والے برطانوی نڑاد اداکار شان کانری 90 سال کی عمر میں 31اکتوبر کو چل بسے۔شان کانری نے جنگ عظیم دوئم کے فوری بعد اداکاری کا آغاز کیا تھا، جنگ عظیم دوئم کے دوران انہوں نے نیوی میں خدمات دی تھیں۔محض 20 سال کی عمر میں اداکاری کا آغاز کرنے والے شان کانری نے اگرچہ 1954 میں ہی اداکاری کی شروعات کی تھی، تاہم انہیں شہرت 1962 میں ریلیز ہونے والی پہلی ’جیمز بانڈ‘ سے ملی۔شان کانری نے ’جیمز بانڈ‘ سیریز کی پہلی فلم میں برطانوی خفیہ ادارے ایم آئی سکس کے ایجنٹ ’جیمز بانڈ‘ کا کردار ادا کیا تھا۔

’جیمز بانڈ‘ سیریز کی پہلی فلم کا نام ’ڈاکٹر نو‘ تھا، مذکورہ فلم کی شاندار کامیابی کے بعد شان کانری نے ’جیمز بانڈ‘ سیریز کی مزید 6 فلموں میں کام کیا اور وہ مذکورہ سیریز کی ابتدائی 5 فلموں کے مرکزی ہیرو رہے۔شان کانری ’جیمز بانڈ‘ سیریز کی 1969 میں ریلیز ہونے والی چھٹی فلم کا حصہ نہیں تھے، تاہم سیریز کی 1971 میں ریلیز ہونے والی ساتویں فلم میں وہ ایک بار پھر ’جیمز بانڈ‘ کے کردار میں دکھائی دیے۔شان کانری نے چھٹی اور آخری مرتبہ 1971 میں ’جیمز بانڈ‘ کی ساتویں فلم میں برطانوی جاسوس کا کردار ادا کیا تھا، اس کے بعد وہ مذکورہ فلم کا حصہ نہ بن سکے۔

شان کانری نے ’جیمز بانڈ‘ سیریز کے علاوہ بھی دیگر مقبول ترین فلموں میں کردار ادا کیے اور انہیں ان کی شاندار اداکاری کے باعث آسکر سمیت دیگر فلمی ایوارڈ بھی دیے گئے۔شان کانری برطانوی ریاست اسکاٹ لینڈ میں پیدا ہوئے تھے اور انہیں ان کی شاندار فلمی خدمات کے عوض ملکہ برطانیہ نے ’سر‘ کا خطاب بھی دے رکھا تھا۔

شان کانری آخری بار 2003 کی فلم ’دی لیگ آف ایکسٹرا آرڈنری جینٹل مین‘ میں دکھائی دیے تھے اور بڑھتی عمر کے باعث صحت کے مسائل ہونے کی وجہ سے انہوں نے 2006 میں اداکاری سے ریٹائرڈ ہونے کا اعلان کیا تھا۔ طویل العمری کے باعث شان کانری کئی سال سے فلمی دنیا سے دور تھے اور گھر تک ہی محدود رہ گئے تھے۔

 برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اداکار کے اہل خانہ اور ’جیمز بانڈ‘ فلم سیریز کے پروڈیوسرز کا حوالہ دیتے ہوئے تصدیق کی گئی کہ اداکار کی موت گھر پر ہی ہوئی۔فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ شان کانری کی موت کیسے ہوئی اور نہ ہی ان کی گزشتہ چند ماہ کی صحت کے حوالے سے کوئی وضاحت جاری کی گئی ہے۔شان کانری کی موت پر ’جیمز بانڈ‘ سیریز کے پروڈیوسرز، اداکاروں اور برطانوی سیاستدانوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتیہوئے ان کی موت کو خوبرو جاسوس کی موت قرار دیا۔شان کانری کی موت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب کہ ’جیمز بانڈ‘ سیریز کی 25 ویں فلم ریلیز کے لیے تیار ہے، تاہم کورونا کی وجہ سے خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کو آن لائن ریلیز کیا جائے گا۔

’جیمز بانڈ‘ سیریز میں جیمز بانڈ نامی برطانوی جاسوس کا کردار شان کانری کے علاوہ جارج لزنبی، راجر مور، ٹموتھی ڈالٹن، پریس بروسنن اور ڈینیئل کریگ نے ادا کیا ہے۔’جیمز بانڈ‘ میں جاسوس کا سب سے زیادہ کردار راجر مور نے 7 فلموں میں ادا کیا، جب کہ شان کانری نے 6 اور ڈینیئل کریگ نے 5 مرتبہ ادا کیا ہے۔شان کانری سے قبل اسی سیریز میں سب سے زیادہ جاسوس کے کردار ادا کرنے والے اداکار راجر مور بھی 2017 میں 89 برس کی عمر میں چل بسے تھے۔اب خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر ’جیمز بانڈ‘ کی 26 ویں فلم میں جاسوس کا کردار کسی خاتون کو دیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

یاد رہے جیمز بانڈ کی 7 فلموں میں جاسوس کا کردار ادا کرنے والے برطانوی اداکار راجر مور بھی 89 برس کی عمر میں چل بسے تھے۔راجر مور کو کینسر کا مرض لاحق تھا، جیمز بانڈ سیریز کی اب تک 24 سے زائد فلمیں آچکی ہیں، اس سیریز کی پہلی فلم ’ڈاکٹر نو‘ 1962 میں ریلیز ہوئی، جب کہ اس سیریز کی آخری فلم سپیکٹر 2015 میں ریلیز ہوئی۔اداکار راجر مور نے سیریز کی کم سے کم 7 فلموں میں جاسوس کا کردار ادا کیا، انہوں نے جن فلموں میں کام کیا ان میں ’لو اینڈ لیٹ ڈائی‘ اور ’دی اسپائی ہو لوڈ می‘ شامل ہیں۔راجر مور کو ان کی سماجی خدمات کے عوض برطانوی حکومت نے 2013 میں ’سر‘ کا خطاب بھی دیا، جب کہ انہوں نے 1991 سے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف کے ساتھ 12 سال تک کام کیا۔راجر مور یونیسیف میں ادارہ برائے اطفال میں جذبہ خیر سگالی کے سفیر تھے، جب کہ انہوں نے دیگر فلاحی کاموں میں بھی سرگرمی سے حصہ لیا۔

معروف زمانہ جاسوس ہولی وڈ فلم سیریز جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم کو یوں تو آئندہ برس ریلیز کیا جائے گا، تاہم یہ فلم اپنی ریلیز سے قبل ہی خبروں میں ہیں۔جہاں ابتدائی طور پر یہ فلم نئے جاسوس کی وجہ سے خبروں میں تھی، وہیں اس فلم کینئے ولن کے حوالے سے بھی کئی قیاس آرائیاں تھیں۔اگرچہ یہ اعلان کردیا گیا تھا کہ جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم میں بھی برطانوی اداکار ڈینیئل کریگ جاسوس کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے، تاہم اداکار نے پہلے ہی واضح کردیا تھا کہ وہ آخری بار اس کردار کو ادا کریں گے۔ڈینیئل کریگ مسلسل چوتھی بار اس کردار کو ادا کر رہے ہیں اور انہوں نے اپنی خراب ہوتی صحت کی وجہ سے گزشتہ برس اس بات کا عندیہ دیا تھا کہ وہ آخری بار فلم میں ایجنٹ کا کردار ادا کریں گے۔ڈینیئل کریگ کے اعلان کے بعد فلم کے نئے ایجنٹ پر باتیں ہونا شروع ہوگئی تھیں اور اداکار ادریس ایلبا سمیت کئی اداکاروں کے نام سامنے آئے۔جہاں جیمز بانڈ کے نئے ایجنٹ کے حوالے سے چہ مگوئیاں ہوتی رہیں، وہیں فلم کے ولن کے حوالے بھی باتیں چلتی رہیں۔

خیال کیا جا رہا تھا کہ 25 ویں فلم میں ولن کا کردار پہلی بار کوئی خاتون ادا کرتی دکھائی دیں گی اور اس حوالے سے خبریں تھیں کہ ہیلینا کارٹر فلم میں ولن بنیں گی۔تاہم بعد ازاں فلم کی ٹیم نے مصری نڑاد اداکار ریمی ملک کو ولن بنانے کا اعلان کیا۔جیمز بانڈ کے ولن کا مسئلہ حل ہوا تو شائقین کو نئے ایجنٹ کی فکر ہونے لگی اور خیال کیا جانے لگا کہ ممکنہ طور پر ادریس ایلبا ہی نئے جاسوس بنیں گے۔تاہم اب ادریس ایلبا کی جگہ ایک خاتون کا نام سامنے آیا ہے جس سے شائقین کو خوشگوار حیرت ہوئی ہے۔جی ہاں، خبریں کہ جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم میں ہی نئے ایجنٹ کو متعارف کرایا جائے گا اور اب جاسوس کا کردار کوئی مرد نہیں بلکہ خاتون ادا کرتی دکھائی دیں گی۔برطانوی اخبار’دی گارجین‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ فلم کی ٹیم نے تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے جاسوس کا کردار پہلی بار ایک خاتون کو دینے کا فیصلہ کرلیا۔فلم کی ٹیم کے قریبی ذرائع کے مطابق اب ڈینیئل کریگ کی جگہ جاسوس کا کردار ایک اداکارہ نبھاتی نظر آئیں گی۔رپورٹ کے مطابق افریقی نڑاد برطانوی اداکارہ 31 سالہ لشانا لائنچ ایجنٹ کا کردار ادا کریں گی۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ فلم میں لشانا لائنچ براہ راست ڈینیئل کریگ کی جگہ نہیں لیں گی، بلکہ پہلے والے ایجنٹ کو ریٹائرڈ کروانے کے بعد نیا ایجنٹ متعارف کرایا جائے گا اور ایک طرح سے یہ نیا کردار ہوگا لیکن اس کردار کا کام وہی ہوگا جو پہلے ایجنٹ کا تھا۔رپورٹ کے مطابق آنے والی جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم میں ڈینیئل کریگ کو جاسوس مشن کے دوران جمیکا میں ریٹائرڈ ہوتے ہوئے دکھایا جائے گا اور ان کی جگہ جاسوس کی ذمہ داریاں لشانا لائنچ کے نئے کردار کو دی جائیں گی۔پہلی بار جیمز بانڈ میں کسی سیاہ فام خاتون کو مرکزی کردار دیے جانے پر فلم کی ٹیم کو سراہا جا رہا ہے اور اس فیصلے کو تاریخی بھی قرار دیا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے ٹیم نے فی الحال کوئی تصدیق نہیں کی کہ جیمز بانڈ کا نیا ایجنٹ ایک خاتون ہی ہوگی۔

خیال رہے کہ جیمز بانڈ میں جاسوس یا ایجنٹ کا کردار برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی سکس کے اہلکار کا کردار ہوتا ہے جو کئی خطرناک منصوبوں پر کام کرتا ہے۔اس کردار کو منشیات اور جرائم فروشوں کے بڑے بڑے گروپوں سے سامنے کرتے ہوئے دکھایا جاتا ہے، اس بار ایجنٹ یا جاسوس کا کردار ریمی ملک سے مقابلہ کرتے دکھائی دے گا۔جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم میں ریمی ملک ولن کا کردار ادا کرتے دکھائیں دیں گے اور اس فلم کو آئندہ برس اپریل تک ریلیز کیا جائے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


ای پیپر