Source : Social Media

دوسروں کی تحقیقات کرنے والے ڈی جی نیب کی اپنی تحقیقات شروع
09 نومبر 2018 (17:44) 2018-11-09

لاہور :سیاستدانوں کیخلاف بڑی بڑی باتیں کرنے والے ڈی جی نیب لاہور خود ہی بڑی مشکل میں پھنس گئے ، ڈی جی نیب لاہور جعلی ڈگری کیس میں پھنس گئے ، ڈی جی نیب لاہور سلیم شہزاد کی جعلی ڈگری کا معاملہ،سپریم کورٹ نے کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی نیب لاہور سلیم شہزاد کی جعلی ڈگری کے معاملے پر سپریم کورٹ نے کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیا ہے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی سپریم کورٹ کا بنچ 12نومبر کو کیس کی سماعت کریگا۔ ڈی جی نیب لاہور سلیم شہزاد کی جعلی ڈگری کے خلاف شہری نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہری آصف کھرل کی جانب سے ڈی جی نیب لاہور سلیم شہزاد کی مبینہ جعلی ڈگری کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔ اس درخواست کو سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا اور سماعت کیلئے سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ تشکیل دیدیا گیا۔

بنچ کی سربراہی چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کرینگے جبکہ ان کے ساتھ بنچ میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ شامل ہونگے۔ سپریم کورٹ رجسٹرار آفس کی جانب سے درخواست گزار شہری آصف کھرل کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب لاہور سلیم شہزاد کے ٹی وی انٹرویوز اور ان انٹرویوز میں ارکان اسمبلی کے استحقاق مجروح ہونے کے معاملے پر نوٹس لے لیا ہے۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب تمام اراکین اسمبلی کا احترام کرتا ہے ، معاملے کا نوٹس لے لیا ہے اور معاملے کا جائزہ لیا جائے گا کہ کیسے اراکین اسمبلی کا استحقاق مجروح ہوا ہے۔ قانون کی روشنی میں کارروائی کی جائے گی۔ دیکھنا ہو گا کہ حقائق کے برعکس کوئی بات کہی گئی ہے یا نہیں۔


ای پیپر