فوٹوبشکریہ فیس بک

پنجاب حکومت نے لاہور میں ایئر ایمبولینس چلانے کا عندیہ دیدیا
09 نومبر 2018 (13:01) 2018-11-09

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور میں ائیر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جدید ترین کارڈیک ایم آر آئی مشین کا افتتاح کیا۔ یہ جدید ترین مشین 30 کروڑ روپے کی لاگت سے نصب کی گئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مریضوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ فرینڈز آف پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی کاوشوں کی تحسین کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ائیر ایمبولینس شروع کرنے کا جائزہ لیں گے، اس حوالے سے معاملات کا جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد منصوبہ بندی کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ غریب آدمی کو معیاری علاج کے لیے ہسپتالوں میں جدید سہولتیں فراہم کریں گے۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ماڈل کو دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک لے کرجائیں گے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ہسپتالوں میں معیاری سہولتوں تک مریضوں کی رسائی ہمارا مشن ہے اورعام آدمی کے لیے ہیلتھ کیئر سسٹم کو خوب سے خوب تر بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ دور دراز علاقوں میں بھی صحت کی معیاری سہولتیں 24 گھنٹے میسر ہوں۔ دل کے امراض کے جدید ہسپتال پسماندہ علاقوں میں بھی ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لیے پلان مرتب کر رہے ہیں اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے بورڈ آف مینجمنٹ کو جلد تشکیل دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں ایمرجنسی بلاک کی تعمیر کے لیے فرینڈز آف پنجاب انسٹی ٹیوٹ کارڈیالوجی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کیونکہ گوہر اعجاز اور ان کے ساتھیوں نے اس حوالے سے قابل ستائش کام کیا ہے اور ہم اس ماڈل کو مزید آگے بڑھائیں گے۔

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 


ای پیپر