فوٹوبشکریہ فیس بک

آج کا دن ہمیں علامہ اقبال کے ارشادات پر عمل کرنے کی یاد لاتا ہے: وزیراعظم عمران خان
09 نومبر 2018 (10:26) 2018-11-09

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مسلمانان برصغیر کیلئے الگ وطن کا تصور پیش کرنے پر علامہ اقبال کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ؒ کا 141 ویں یوم پیدائش ملک بھر میں عقیدت و احترام اور ملی جوش و جذبہ سے منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن ہمیں علامہ اقبال کے ارشادات پر عمل کرنے کی یاد لاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دن تمام اہل وطن شاعرمشرق کو بھرپور خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔ علامہ اقبال کے افکار اورسوچ نے امید کے چراغ روشن کیے۔ علامہ اقبال نے مسلمانان برصغیر کو ایسے وقت راستہ دکھایا جب وہ منزل کا سراغ کھو چکے تھے۔ پاکستان علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ فرقہ واریت، نظریاتی انتہا پسندی جیسے معاملات پر اقبال کی سوچ آج بھی مشعل راہ ہے۔ علامہ اقبال نے ہمیشہ مسلمانوں کو اتحاد، اتفاق کی تلقین کی اور دعوت عمل دی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ اقبال ؒ نے اجتماعی ترقی اور خوشحالی کے حصول کیلئے"خودی" کو بیدار کیا۔ منزل کے حصول کیلئے اقبال ؒ کے تصور کو حقیقت میں بدلتے ہوئے سخت محنت کرنی ہے۔

حکومت کی جانب سے لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت تمام بڑے شہروں میں یوم ولادت کے حوالے سے مختلف تقریبات کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال شاعر، مصنف، قانون دان، سیاستدان، مسلم صوفی اور تحریک پاکستان کی اہم ترین شخصیات میں سے ایک تھے۔ شاعر مشرق نے متعدد کتابیں بھی لکھیں جن میں بال جبریل، بانگ درا، کلیات اقبال ، مسجد قرطبہ، ذوق و شوق و دیگر شامل ہیں۔

 


ای پیپر