Shah Mehmood Qureshi,OIC,Arab League,palestine
09 May 2021 (16:46) 2021-05-09

جدہ:وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کو ظلم کرکے بیدخل کرنیکا کوئی اخلاقی، سیاسی جواز نہیں بنتا،عرب لیگ، او آئی سی اور مسلم امہ کو مل کر بربریت کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے ، انسانی حقوق کے علمبردار، مغربی ممالک کی توجہ مبذول کروائی جائے ،اسلاموفوبیا کا ٹرینڈ بڑھتا جارہاہے اس کا حل تلاش کرنا ہوگا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر حملوں کی پرزور مذمت کی ہے ،فلسطینیوں کو ظلم کرکے بیدخل کرنیکا کوئی  اخلاقی، سیاسی جواز نہیں بنتا۔وزیر خارجہ نے کہاکہ ستائیسویں کی شب مسجد میں عبادت میں مشغول نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے ،فلسطینیوں پر ظلم و ستم کسی صورت قابل قبول نہیں ،فلسطینیوں کو ان کے حقوق ملنے چاہئیں۔

 انہوں نے کہاکہ پاکستان، فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہے ،پاکستان، فلسطینیوں کے حقوق کا علمبردار ہے ،پاکستان نے فلسطین کے حوالے سے، ہمیشہ واضح اور ٹھوس موقف اختیار کیا ہے ،مجھے خوشی ہے کہ عرب لیگ نے اس حوالے سے ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔

پاکستانی وزیر خارجہ نے کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ عرب لیگ، او آئی سی اور مسلم امہ کو مل کر اس بربریت کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے اور انسانی حقوق کے علمبردار، مغربی ممالک کی توجہ اس جانب مبذول کروانی چاہیے ،اسلاموفوبیا کا ٹرینڈ بڑھتا جارہاہے اس کا حل تلاش کرنا ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ حضورؐکی شان میں گستاخی کے واقعات، پوری دنیا کے مسلمانوں کی دل آزاری کا سبب بنتے ہیں ،حضورؐ کی شان میں گستاخی، کسی صورت قابل برداشت نہیں ،جو عناصر نفرت کے بیچ بو رہے ہیں ہمیں مل کر ان کا سدباب کرناہو گا۔

 وزیر خارجہ نے کہاکہ میں نے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں، ایران ،ترکی ، انڈونیشین حکام کو اس معاملے پراعتماد میں لیا، مسلم ممالک کو ملکر اوآئی سی کے فورم سے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب سے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات کو نئی جہت اور وسعت ملی ہے ،ہمارے درمیان ادارہ جاتی میکنزم کے قیام کا فیصلہ ہوا ہے ،پاکستانیوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع کھلیں گے ۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ عید الفطر کے بعد سعودی حکام کا ایک وفد اس حوالے سے اسٹرکچرڈ مذاکرات کیلئے پاکستان آئے گا ،اس کے بعد سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان تشریف لائیں گے ۔


ای پیپر