Shahid Khaqan Abbasi, PTI government ministers, Ahsan Iqbal, Rana Sanaullah, Shehbaz Sharif
09 May 2021 (15:30) 2021-05-09

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے حکومتی وزراء کو ایک بار پھر مناظرے کا چیلنج دے دیا ، کہا تمام ثبوت لے آئیں ، ہم جواب دیں گے پھر انہیں بھی جواب دہ ہونا پڑے گا ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 3 سال سے الزامات لگائے جا رہے ہیں ، ان کی حقیقت کیا ہے ؟ کبھی صاف پانی تو کبھی آشیانہ کا کیس بنایا جاتا ہے ، رنگ برنگے وزیر ٹی وی پر آکر ہر قسم کا الزام لگاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے عدالت میں اعتراف کیا شہباز شریف نے کوئی کرپشن کی نہ ہی کوئی کک بیک لیا ۔

مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ نیب نے اعتراف کیا شہباز شریف نے منی لانڈرنگ کی نہ ہی کوئی کک بیکس وصول کیں ، آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام بھی جھوٹ ثابت ہوا ۔

لاہور میں پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ شہزاد اکبر کچرے کے والیم بنا کر کسی پر الزام عائد کرکے انہیں سزا نہیں دلاسکتے ، ان کے یہ ثبوت الف لیلیٰ کے قصوں سے زائد حیثیت نہیں رکھتے ۔ لیگی رہنما نے ہائیکورٹ کے فیصلے پر تنقید کو توہین عدالت قرار دے دیا ۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ شہباز شریف کو نہ کوئی جانے سے روک سکتا ہے اور نہ واپس آنے سے روک سکے گا ۔ حکومت کا احتساب ڈرامہ اب وینٹی لیٹر پر جاچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیب 3 سال سے شہباز شریف پر لگے الزامات کا ثبوت فراہم نہیں کرسکی ، حکومت میں شامل لوگوں نے عوام کا بری طرح استحصال کیا ، اب انہیں جواب دینا ہوگا ۔


ای پیپر