Coronavirus, patients, hospitals, Dr Yasmin Rashid, PTI government, NCOC
09 May 2021 (14:42) 2021-05-09

لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ کورونا پھیلاؤ میں کمی آرہی ہے ، ہسپتالوں میں جتنے مریض آرہے ہیں اتنے صحت مند بھی ہو رہے ہیں ۔ ہسپتالوں میں مریضوں کےلیے بیڈز کی کمی نہیں ۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ایک ہفتے کی پابندیوں سے لوگوں کو مشکلات ہیں لیکن ان پابندیوں سے لاکھوں لوگوں کی جانیں بچ رہی ہیں ۔ چاند رات پر مکمل پابندی ہوگی ۔ جہاں ایس اوپیز پر عملدرآمد کیا گیا وہاں کورونا کیسز کم ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میڈیکل اسٹورز ، فوڈ پوائنٹس ، پٹرول پمپس پر پابندی نہیں ، اس کے علاوہ ضروری اشیا کی دکانوں پر شام 6 بجے تک پابندی نہیں ۔ کلچرل اور اسپورٹس سمیت ہر ایونٹ پر مکمل پابندی ہے ۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ پر کل شام 6 بجے پابندی لگے گی ۔ 10 مئی شام 6 بجے سے 15 مئی صبح 6 بجے تک پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی ہو گی ۔

انہوں نے کہا کہ آکسیجن سلنڈرز کے حوالے سے افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں ، آکسیجن کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ آکسیجن انڈسٹری عید کی چھٹیوں میں کام کر رہی ہے ۔ کوشش ہے ہر بڑے ہسپتال میں آکسیجن جنریٹر پلانٹ ہو ، فرنٹ لائن ورکرز نے عید پر اپنی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں ۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ جب تک صورتحال بہتر نہیں ہوتی ہسپتالوں میں سرجری بند رہے گی ، ویکسی نیشن ہمارا سب سے بڑا ہدف ہے ۔ 25 سے 30 فیصد آبادی کو ویکسی نیشن کرکے صورتحال پر قابو پاسکتے ہیں ، ویکسی نیشن کے 2 لاکھ 16 ہزار کے ہدف کو حاصل کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یکم جولائی سے 4 لاکھ 32 ہزار افراد کو روزانہ ویکسین لگائی جائے گی ۔

وزیر صحت نے کہا کہ ویکسین کی کوئی کمی نہیں ہے ، ویکسین کے لیے ڈیڑھ ارب روپے رکھے تھے، وہ ویکسین بھی جلد آجائے گی ۔ 18 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگا چکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عید کو سادگی سے منائیں ، پیسے کی بچت ہوگی ۔ اس کے علاوہ عید سادگی سے منا کر اللہ کی خوشنودی حاصل کی جا سکتی ہے ۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ آج ماؤں کا عالمی دن ہے ، وبا میں ماں کی اہمیت بڑھ جاتی ہے ۔ بچے ماں کی بات مانتے ہیں ۔ مائیں بچوں کو کہیں ماسک پہنیں اور ہاتھ دھوئیں ۔ ملک کی تمام ماؤں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں ۔


ای پیپر