PML-N members, letters, FIA office, Firdous Ashiq Awan, Shehbaz Sharif
09 May 2021 (14:07) 2021-05-09

لاہور: معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کنیزیں ایف آئی اے کے دفتر پر حملہ آور ہوئیں ، ایف آئی اے کا دفتر عید کی چھٹیوں کی وجہ سے بند ہے ، بند دفتر میں چٹھیاں پھینک کر میڈیا پر فلم کی شوٹنگ کراتیں رہیں ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شریف خاندان کی جائیدادیں ، اولادیں ، کاروبار اور سمدھی باہر ہیں ، عید کی خوشیاں بیرون ملک منانا اُن کیلئے باعث اعزاز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو یہاں عید منانا بھی توہین سمجھے وہ ملک کا وفادار کیسے ہوسکتا ہے ۔ کسی عید کا مزہ پاکستان میں بھی چکھ لیں ۔

معاون خصوصی نے کہا کہ شہباز شریف ملک میں رہ کر کرپشن کیسز کا سامنا کریں ، نواز شریف نے کہا تھا 4 ہفتے میں علاج کرا کر واپس آجاؤں گا لیکن آج تک واپس نہیں آئے ۔ شہباز شریف نے نواز شریف کی بھی گارنٹی دی تھی ۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو کورونا چیلنج کا سامنا ہے ۔ شاہی خاندان علاج کی آڑ میں مال و دولت ٹھکانے لگا رہا ہے ۔ شاہی خاندان عید پاکستان میں منانا اپنی توہین سمجھتا ہے ۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت عوام کو جوابدہ ہے لیکن شریف خاندان نے ہمیشہ قانون کو اپنے تابع رکھا ۔ حکومت آپ کے عزائم کے آگے چٹان بن کر کھڑی ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت کا کردار ادا کر رہے ہیں ۔ پی ٹی آئی حکومت قوم سے کیا ہر وعدہ پورا کرے گی ۔


ای پیپر