Saudi Foreign Minister, Faisal bin Farhan Al-Saud, PM Imran Khan, MBS, Pakistan
09 May 2021 (12:41) 2021-05-09

ریاض: سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ عمران خان کے دورے کا مقصد سرمایہ کار دوست ماحول کیلئے اقدامات ہیں ۔

اپنے بیان میں سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ دورے میں تجارت ، معاشی تعاون پر توجہ مرکوز تھی ۔ پاکستانی سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔ دونوں ممالک کے 70 سال پر محیط تعلقات بہت اہم ہیں ۔ سعودی ولی عہد بھی دورہ پاکستان کی خواہش رکھتے ہیں ۔

شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا کہ پاکستانی افرادی قوت کو سہولیات دے رہے ہیں اور مزید پاکستانی افرادی قوت کو خوش آمدید کہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کار دونوں ممالک میں مواقع سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں ۔

سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے عمل پیرا ہے ، دونوں ممالک ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کرسکتے ہیں اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے دورہ پاکستان میں مخصوص پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا تھا ۔ اب مزید پاکستانی قیدیوں کی رہائی سے متعلق اقدامات کیے جائیں گے ۔

شہزادہ فیصل نے کہا کہ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں ، اسلاموفوبیا سے نمٹنے کیلئے اسلامی ممالک میں بات چیت ضروری ہے ۔ اسلاموفوبیا سے نمٹنے کیلئے او آئی سی کا کردار اہم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خوشی ہے پاکستان اسلاموفوبیا سے نمٹنے کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے ۔


ای پیپر