Photo Credit Neo Tv

کیا عمران خان وزیراعظم بننے جا رہے ہیں؟جاوید ہاشمی کی پیشنگوئی سامنے آگئی
09 مئی 2018 (22:25) 2018-05-09

ملتان:سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ عمران خان کو وزیراعظم بننے کی بہت جلدی ہے لیکن وزیراعظم بننے کے ناموں میں دور دور تک ان کا نام نہیں ہے۔جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے قائدین ایک ٹکٹ پربک گئے، میں اکیلا صوبہ حاصل کرنے کی جنگ لڑونگا ، نیب نے نواز شریف پر 4.5بلین ڈالرز کا الزام لگا کر سنگین غلطی کی، چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کو فوری مستعفی ہوجانا چاہیے۔

آنے والا وقت نوازشریف کیلئے مزید مشکل ہوگا۔بدھ کو ملتان میں اپنی رہائشگاہ پرپریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ چیف جسٹس صاحب کی لمبی عمرکے لیے دعاگو ہوں،انہیں چاہیے تھا کہ سفارش کرنے پر اپنے داماد کو سزا دیتے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ہمیشہ سول وزیراعظموں کو سزادی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مخدوم امین فہیم کے خلاف آصف زرداری نے نواز شریف سے مدد مانگی تو میرا  موقف تھا کہ مدد نہیں کرنی چاہیے، یہ سن کر خواجہ آصف نے مجھے گالیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ آج خواجہ آصف زرداری کی مدد کرنے پر قوم سے معافی مانگ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد آصف زرداری نے آمریت کے خلاف لڑنے والے پارٹی اراکین کو سائیڈ لائن کردیا۔جاوید ہاشمی نے کہا کہ 50 محب وطن اراکین اسمبلی پہلے سے منتخب ہو چکے ہیں، اب صوبہ محاذ والے بھی ساتھ شامل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ والوں نے صرف نعرہ لگایا ہے، صوبہ محاذ کے قائدین ایک ٹکٹ پر بک گئے۔ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے لئے اسمبلیوں میں فوری کمیشن بنائے جائیں جنوبی پنجاب محاذ نے تباہی پھیلائی ہے میں اکیلا صوبہ حاصل کرنے کی جنگ لڑونگا۔ ملک کی ترقی کے لئے زیادہ صوبوں کا ہونا ضروری ہے بھارت 7 صوبوں کا ملک تھا اب 29 صوبے ہیں انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب 12 کروڑ آبادی رکھنے والا دنیا کا واحد صوبہ ہے۔ایک سوال پر انہوں نے پیشنگوئی کی کہ آنے والا وقت شریف خاندان کے لیے مزید مشکل ہو گا، نواز شریف مشکل میں ہیں اس لیے ان کے ساتھ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کو کہا تھا کہ آپ کو سب چھوڑ جائیں گے،جاوید ہاشمی کھڑا رہے گا۔مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ سب سے پہلے نیب کا احتساب ہونا چاہیے۔

نیب نے چار اعشاریہ پانچ (4.5) بلین ڈالرز ملک کے ایک نامور سیاستدان کے ذمے لگادیے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے نواز شریف پر الزام لگا کر سنگین غلطی کی، چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کو فوری مستعفی ہوجانا چاہیے۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے الزام عائد کیا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ تصدق جیلانی کے بعد نئے چیف جسٹس ناصرالملک اسمبلیاں تحلیل کرادیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ میں نے 2014 میں منصوبہ افشاں کردیا تھا۔


ای پیپر