ایران ڈیل ختم کرنے کا فیصلہ سنگین غلطی ہے : باراک اوباما
09 مئی 2018 (18:13) 2018-05-09

واشنگٹن:امریکا کے سابق صدر باراک اوباما نے ایران سے جوہری معاہدے سے نکلنے کے ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ،ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران جوہری معاہدے سے نکلنے کے اعلان پر سابق صدر باراک اوباما نے کہا کہ ایران ڈیل ختم کرنے کا فیصلہ گمراہ کن اور سنگین غلطی ہے ،یہ واضح ہے کہ جوہری معاہدہ اب بھی فعال ہے ،یورپی اتحادیوں کے علاوہ آزاد ماہرین اور موجودہ امریکی وزیر خارجہ خود اس معاہدے کے حامی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا اعلان گمراہ کن ہے ۔

سابق امریکی صدر نے کہا کہ جمہوریت میں ہمیشہ پالیسیوں میں تبدیلیاں آتی ہیں اور ہر آنے والی حکومت کی اپنی ترجیحات ہوتی ہیں،تاہم مسلسل معاہدوں کی پاسداری نہ کرنے سے امریکا کی ساکھ متاثر ہوتی ہے ۔ باراک اوباما نے کہا کہ کسی ایرانی اشتعال انگیزی کے بغیر معاہدے کو خطرے میں ڈالنا سنگین غلطی ہے ۔

واضح رہے کہ 2015 میں ایران سے جوہری معاہدے کے دوران امریکا کی جانب سے اس وقت کے صدر باراک اوباما نے دستخط کیے تھے جبکہ معاہدے میں یورپی یونین سمیت برطانیہ،فرانس،جرمنی،روس اور چین فریق تھے۔جوہری معاہدے ’جوائنٹ کمپری ہینسیو پلان آف ایکش‘ کے تحت ایران نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ وہ جوہری ری ایکٹرز میں بطور ایندھن استعمال ہونے اور جوہری ہتھیاروں کی تیاری میں استعمال ہونے والے افزودہ شدہ یورینیم کے ذخائر کو 15 سال کیلئے محدود کرے گا۔


ای پیپر