چوہدری نثار کو پارٹی میں ایک مقام حاصل ہے : شہباز شریف
09 مئی 2018 (15:08) 2018-05-09

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ چوہدری نثار کو پارٹی میں ایک مقام حاصل ہے چوہدری نثار میرے دوست ہیں، جذبات میں نہ آیا کریں،‘ وازشریف کے خلاف منی لانڈرنگ سے متعلق نیب کے اقدام سے اس کی ساکھ کو نقصان پہنچا لہذا تفتیش ہونی چاہیے، چیئرمین نیب سے کس نے یہ غیر مناسب کام کرایا‘ احسن اقبال پر حملے سے جگ ہنسائی ہوئی‘ ‘ عمران خان کے پی کے میں ایک بھی پاکستان کی مثال دیں‘ ورلڈ بنک کی رپورٹ سے نیب کو بہت دھچکا لگا۔

لاہور میں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے احسن اقبال کی جان بچ گئی، احسن اقبال پر حملے سے دنیا میں جگ ہنسائی ہوئی، ہمیں اس کی گہرائی میں جانا ہوگا کہ وہ کون سے عوامل ہیں جن سے عدم برداشت بڑھ رہا ہے ۔ چوہدری نثار سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار میرے دوست ہیں، جذبات میں نہ آیا کریں، انہیں پارٹی میں ایک مقام حاصل ہے ۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں احتساب کمیشن پر 70 کروڑ روپے خرچ کیے گئے لیکن اس کمیشن نے ایک کو بھی سزا نہیں دی اور اب وہ بند ہوچکا ہے ۔نیب کی جانب سے نوازشریف کے خلاف منی لانڈرنگ کے نوٹس سے متعلق سوال پر شہبازشریف نے کہا کہ اس نوٹس پر قوم ورطہ حیرت میں ہے ، اس بات کی نہ صرف اسٹیٹ بینک کھلے انداز میں تردید کرچکا بلکہ ورلڈ بینک بھی اسے رد کرچکا ہے ۔

شہبازشریف نے کہا کہ آصف زرداری اور عمران خان ہم نوالہ اور ہم پیالہ ہیں، عمران خان خود کہہ چکے خیبرپختونخوا میں کرپشن ہوئی، وہ خیبرپختونخوا میں ایک پاکستان کی کوئی مثال دکھا دیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پنجاب کی مایہ ناز فرانزک ایجنسی کا عشر عشیر بتادیں، پنجاب کی فرانزک ایجنسی پر دنیا آنکھیں بند کرکے یقین کرتی ہے ، انہوں نے خیبرپختونخوا میں ایک نیا اسپتال نہیں بنایا، ایک بلین درخت تو دور کی بات، انہوں نے جھوٹ بولنے کے ریکارڈ قائم کردیئے، جھوٹ بولنا اور الزام تراشی کرنا خان صاحب کا معمول بن چکا، قوم اس کا اب الیکشن میں دے گی۔


ای پیپر