مولانا فضل الرحمان پی ڈی ایم کے نمائشی صدر ہیں، حافظ حسین احمد
سورس:   فائل فوٹو
09 مارچ 2021 (21:12) 2021-03-09

لاہور: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سابق رہنما حافظ حسین احمد کا کہنا ہےکہ ایک بار پھر مولانا فضل الرحمان کو ماموں بنایا جا رہا ہے۔

حافظ حسین احمد کا کہنا ہےکہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کو 2 نا تجربہ کار بچوں کے فیصلوں کے ویٹو کے تحت چلایا جا رہا ہے جبکہ اس بار بھی مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی وعدے کے باوجود بے وفائی کریں گی۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے رویے پر مولانا فضل الرحمان نے بھی خدشات کا اظہار کر دیا ہے جن خدشات کا اظہار ہم کرتے آئے ہیں وہ تمام اب قوم کے سامنے آ رہے ہیں۔

سینیئر سیاستدان کا کہنا ہے کہ سکھر اجلاس میں مولا نا فضل الرحمان کی تقریر بھی ان ہی کے لوگوں نے لیک کی اور مولانا فضل الرحمان پی ڈی ایم کے نمائشی صدر ہیں اور اصل میں ایک زرداری سب پر بھاری ثابت ہو رہے ہیں۔

ادھر اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما مولانا عبدالغفور حیدری کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کیلئے نامزد کر دیا۔

پی ڈی ایم کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت ہوا جس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور اپوزیشن لیڈر کے عہدوں کے ناموں پر حتمی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے جے یو آئی کے امیدوار کو نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف پاکستان مسلم لیگ (ن) سے ہو گا۔

بعد ازاں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے مرکزی سیکرٹری جنرل مولاناعبدالغفور حیدری کو پی ڈی ایم کا مشترکہ امیدوار نامزد کر دیا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عبدالغفور حیدری پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدواربرائے ڈپٹی چئیرمین سینیٹ ہوں گے تاہم حکومتی پیشکش پی ڈی ایم میں دراڑ ڈالنے کی ناکام کوشش ہے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم کے نامزد ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔ اعلامیے کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے مولانا عبدالغفور حیدری کو سینیٹر منتخب ہونے پر مبارک باد دی جبکہ عبدالغفور حیدری نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدوار نامزد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے یوسف رضا گیلانی جبکہ حکومت نے چیئرمین سینیٹ کے عہدے کیلئے صادق سنجرانی کو امیدوار نامزد کیا ہے۔ اپوزیشن نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدوار نامزد کردیا ہے تاہم حکومت کی جانب سے کسی امیدوار کا اعلان نہیں کیا گیا۔

بشکریہ(نیو نیوز)


ای پیپر