Opposition parties, Islamabad March, Pakistan, Ahsan Iqbal, PTI government, PM Imran Khan
09 مارچ 2021 (14:58) 2021-03-09

لاہور: رہنما مسلم لیگ (ن) احسن اقبال نے کہا ہے کہ 26 مارچ کو پاکستان کی ریاست بچانے کیلئے اپوزیشن جماعتیں لانگ مارچ کر رہی ہیں ، پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کے 3 بنیادی اصول ہیں ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ جس ملک کے آئین اور ووٹ کا احترام نہیں ہوگا اس میں امن اور خوشحالی نہیں آسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب کی ترقی اور بجلی کے منصوبے لگائے آج وہ پابند سلاسل ہیں ، سعد رفیق نے ریلوے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا وہ بھی گرفتار ہوئے ، مفتاح اسماعیل نے بھی قومی معیشت کو بہتر کیا انہیں بھی پابند سلاسل کیا گیا ، اس کے علاوہ مجھے بھی ملک کی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کرنے کی سزا دی گئی ۔

لیگی رہنما نے کہا کہ میں نے نفرت کی گولی اور چند روز قبل نفرت کی جوتی بھی کھائی ہے ، جن رویوں کی پاکستانی سیاست نے آبیاری کی ہے کیا وہ پاکستان کو امن کی طرف لے کر جائیں گے ؟ پاکستان ویسے نہیں چل سکتا جیسے 73 سال سے اسے چلایا جا رہا ہے ۔

احسن اقبال نے کہا کہ مارشل لا اور ہائبرڈ نظام مکمل فیل ہوچکا ہے ، ملک میں آئین کے تحت وفاقی جمہوری نظام چل سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم نے ہمارے ہاتھ نہیں باندھے تھے ، ہم نے 18ویں ترمیم کے باوجود دہشت گردی کی جنگ کو کامیابی سے لڑا ۔ پورے ملک میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے امن قائم کرکے دکھایا اور 3200 ارب کا بجٹ ہم نے کامیابی سے استعمال کیا ۔

لیگی رہنما نے کہا کہ ملک کی خدمت کرنے کیلئے نیت اور اہلیت درکار ہے ، خان صاحب کی صبح اور شام نہیں چھوڑوں گا سے شروع ہوتی ہے ۔ ملک میں بجلی کا مسئلہ ہو تو ترجمانوں کا اجلاس بلالیا جاتا ہے ، ہر مسئلے پر تبدیلی سرکار ترجمانوں کا اجلاس بلا لیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ترجمانوں سے حکومتیں نہیں چلتیں ، حکومت کچھ کرنے سے چلتی ہیں ، آج پاکستان کی ریاست کو ایسے مقام پر لاکھڑا کیا گیا جس میں معیشت تباہ ہوچکی ہے ۔

احسن اقبال نے کہا کہ ملک کی سیاست ، سفارت اور معاشرت تباہ ہوچکی ہے ۔ جس ملک کی سیاست ، سفارت اور معاشرت تباہ ہو جائے وہ خطرات سے لاحق ہو جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا دفاع معیشت سے مضبوط ہوتا ہے ، فوج اور معیشت کسی ملک کی پشت پر نہ ہوں تو وہ ملک جنگ نہیں جیت سکتا ۔ اتحاد اور یگانگت پیدا کرنے سے حکومت چلتی ہے ۔ ملک کو مضبوط اور مستحکم پاکستان کی ضرورت ہے ۔


ای پیپر