Prime Minister, Imran Khan, 178 votes, wrong, Speaker NA, Asad Qaiser
09 مارچ 2021 (13:46) 2021-03-09

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو اعتماد کے 178 ووٹ ملے ، اگر ایک ووٹ بھی غلط ثابت ہوا تو اپنی نشست پر نہیں رہوں گا ۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے گیٹ نمبر ون پر نئے میڈیا سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ بتایا جائے وزیراعظم عمران خان کو اعتماد کا ووٹ دیتے وقت کونسا ایم این اے غیر حاضر تھا ؟ انہوں نے کہا کہ میرا اور فیصل واوڈا کا ووٹ گنیں تو 180 بنتے ہیں ۔ ایک ووٹ بھی غلط ثابت ہوا تو اپنی نشست پر نہیں رہوں گا ۔

خیال رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو اعتماد کا ووٹ دینے کیلئے پارلیمنٹ میں 178 سے کم اراکین اسمبلی موجود تھے اور عمران خان کو کم ووٹ ملے ۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ گزشتہ ہفتے پی ٹی آئی کارکنوں اور ن لیگ کی قیادت کے درمیان ہونے والے تصادم پر افسوس ہے ، انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو دیکھنے کے لیے اپوزیشن اور حکومتی ارکان پارلیمنٹ پر مشتمل کمیٹی بنائی ہے ۔ کمیٹی کا مقصد پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ہونے والے ناخوشگوار واقعات کو روکنا ہے ۔ جمہوریت کو ہم سب کو مل کر مستحکم کرنا ہے ۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ ہمارا مقصد پارلیمنٹ کو مضبوط اور بالادست ادارہ بنانا ہے ، انہوں نے کہا کہ جمہوریت کیلئے آزاد میڈیا بنیادی شرط ہے ، ہم میڈیا کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے ۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ جب الیکشن لڑا جاتا ہے تو کسی کو چھوڑتے نہیں ہیں ، جمہوری عمل کے تحت اپنے مخالفین سے بھی ووٹ لینے کیلئے جاؤں گا ۔


ای پیپر