سعودی عرب میں تارکین وطن کو اہل خانہ کے فنگر پرنٹ جمع کروانے کے احکامات
09 مارچ 2018 (21:15)

ریاض : سعودی عرب میں سکیورٹی معاملات کو بہتر بنانے کیلئے آئے دن کوئی نا کوئی اہم تبدیلیاں لائی جار رہی ہیں ۔اس سے قبل کئی ایک دفعہ غیر ملکیوں کو ملک سے بے دخل کرنے جیسے معاملات سامنے آتے رہے ہیں ۔اب محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کا کہنا ہے کہ مملکت میں مقیم تارکین اپنے اہل خانہ کے فنگر پرنٹس ادارے میں جمع کروائیں۔جوازات کی جانب سے مملکت کے تمام شہروں اور قصبوں میں ذیلی اداروں میں فنگر پرنٹس کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

جوازات کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اعداد وشمار کے مطابق ابھی تک متعدد تارکین وطن نے اپنے اہل خانہ کے فنگر پرنٹ جوازات کے سسٹم میں فیڈ نہیں کروائے۔ایسے تارکین جنہو ں نے فنگر پرنٹس فیڈ نہیں کروائے ہیں انکا سسٹم بلاک کردیاجائے گا جس کے بعد اقاموں کی تجدید اور دیگر معاملات مکمل نہیں ہو سکیں گے۔ ترجمان نے مزید کہا ہے کہ متعدد بار انتباہ کے باوجود ایسے افراد ہیں جنہوںنے اپنے اور اہل خانہ کے فنگر پرنٹس اور دیگر معلومات جوازات کے مرکزی کمپیوٹر میں فیڈ نہیں کروائے ایسے تمام غیر ملکیوں کے سسٹم بلا ک کر دیئے گئے ہیں۔

جوازات کی جانب سے فنگر پرنٹس اور دیگر معاملات کے بارے میں استفسار کیلئے ویب سائٹ پر معلومات مہیا کی گئی ہیں۔ مملکت کے تمام شہروں میں جوازات کے ذیلی دفاتر کے بارے میں بھی اہم معلومات موجود ہیں جبکہ ذیلی دفاتر جو مختلف مالز میں قائم کئے گئے ہیں انکا ایڈریس بھی مہیا کیا گیا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ تارکین کی سہولت کیلئے جدہ سمیت دیگر شہروں میں شاپنگ مالز میں بھی ذیلی دفاتر قائم کئے گئے ہیں جہاں دن میں 2 اوقات مقرر کئے گئے ہیں۔

صبح کے وقت صبح 9 سے دوپہر 2 اور شام کے 4 سے رات 8 بجے تک یہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔ جوازات کے ترجمان نے مزید کہا کہ کسی بھی استفسار یا شکایات کے بارے میں جوازات نے ای میل ایڈریس gdp.gov.sa@992 فراہم کیا ہے اس پر ای میل کرکے استفسارات ارسال کئے جاسکتے ہیں۔ جوازت کی ویب سائٹ کا ایڈریس www.gdp.gov.sa ہے جہاں تمام معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ واضح رہے محکمہ پاسپورٹ نے مملکت میں مقیم تارکین وطن کے سرکاری معاملات نمٹانے کیلئے گزشتہ 3 برس سے ڈیجیٹل سروس شروع کی ہے جس کیلئے لازمی ہے کہ تارکین اپنے فنگر پرنٹس اور دیگر معلومات کو جوازات کے سسٹم میں فیڈ کروائیں۔

فنگر پرنٹ کیلئے جوازات نے مرحلہ وار نظام مہیا کیا تھا ایسے تارکین جو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مملکت میں مقیم ہیں انکے بچو ں کے بھی فنگر پرنٹ جمع کروانا لازمی ہیں۔ وہ بچے جن کی عمر 6برس یا اس سے زائد ہے انکے فنگر پرنٹ جمع کروانا لازمی ہیں۔


ای پیپر