پریا پرکاش سے متعلق سوالات بھارتی امتحانات میں بھی آگئے
09 مارچ 2018 (16:23) 2018-03-09


ممبئی : بھارتی اداکارہ پریا پرکاش ورئیر شہرت کی اس قدر بلندی پر پہنچ گئیں ہیں کہ اب ان سے متعلق سوالات بھی امتحانات کا حصہ بننے لگے۔


تفصیلات کے مطابق پریا پرکاش سوشل میڈیا سے شہرت کی بلندیوں تک پہنچنے والی ایک بھارتی اداکارہ ہیں۔ ان کی چند سیکنڈز کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ ہوئی تو صرف ایک دن میں انسٹاگرام پر چھ لاکھ فالوورز آئے جبکہ اب ان کے فالوورز کی تعداد فیس بک کے بانی مارک زکربرگ سے بھی زیادہ ہو چکی ہے۔اب وہ اس قدر شہرت حاصل کرچکی ہیں کہ انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی ممبئی میں ہونے والے مڈٹرم امتحانات میں ان سے متعلق سوال ہی شامل کردیا گیا۔


یہ سوال پروفیسر امیت سیٹھی کی جانب سے پڑھائے جانے والے مشین لرننگ کورس کے پرچے میں پوچھا گیا۔ بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے طالب علموں نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔دیویانی ورما نے بتایا کہ انہیں پرچے میں پریا پراکاش ورئیر کا نام دیکھ کر کوئی حیرت نہیں ہوئی کیونکہ پرفیسر امیت سیٹھی اپنا کورس پڑھانے اور امتحان کو دلچسپ بنانے کے لئے انٹرنیٹ پر مشہور میمز سے متعلق بات چیت کرتے رہتے ہیں۔


سول انجینئرنگ میں تھرڈ ائیر کے طالب علم ہردیک پاٹیل نے کہا کہ پروفیسر امیت پڑھانے کے دوران سلائیڈز میں مشہور میمز دکھاتے رہتے ہیں یا پھر فورم پر ڈال دیتے ہیں تاکہ بچوں کو متعلقہ معلومات فراہم کرسکیں۔


ای پیپر