اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 144 رنز کا ہدف دیدیا
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
09 جون 2021 (22:58) 2021-06-09

ابوظہبی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 15 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 144رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق شیخ زید سٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے جا رہے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز ہی بنا سکی۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف 27 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کولن منرو 11، روحیل نذیر 8، شاداب خان 7، افتخار احمد 12، حسین طلعت 14، آصف علی 7، حسن علی 14، عثمان خواجہ 18، محمد وسیم جونیئر 10 اور فواد احمد 4 رنز بنا سکے۔ 

لاہور قلندرز کی جانب سے جیمز فالکنر سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 32 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ احمد دانیال اور حارث رؤف نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور راشد خان ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر سکے۔ 

واضح رہے کہ لاہور قلندرز کی قیادت سہیل اختر کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، محمد فیضان، محمد حفیظ، بین ڈنک، ٹم ڈیوڈ، جیمز فالکنر، راشد خان، احمد دانیال، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کولن منرو، عثمان خواجہ، حسین طلعت، افتخار احمد، آصف علی، فہیم اشرف، روحیل نذیر، حسن علی، فواد احمد اور محمد وسیم جونیئر شامل ہیں۔ 

(بشکریہ: نیو نیوز)


ای پیپر