فوٹو بشکریہ فیس بک

شہباز شریف نے واپس آکر کوئی احسان نہیں کیا: فردوس عاشق اعوان
09 جون 2019 (11:58) 2019-06-09

اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے صدر ن لیگ کی وطن واپسی پر بیان میں کہا ہے کہ شہباز شریف نے وطن واپس آکر کوئی احسان نہیں کیا۔

فردوس عاشق اعوان نے شہباز شریف کی وطن واپسی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ لندن کی سڑکوں پر شہباز شریف کو پوری قوم نے بھاگتے دوڑتے دیکھا، جس بیماری کا ذکر کیا جا رہا ہے اس میں ایسا نہیں ہوتا، بیماری کے نام پر قوم کی دل آزاری کی جارہی ہے۔ شہباز شریف گارنٹی دیں کہ واپس نہیں جائیں گے، اپوزیشن لیڈر اسحاق ڈار کو بھی لے آتے تو قانونی تقاضا پورا ہو جاتا۔

معاون خصوصی اطلاعات کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے بچوں نے ان کو سامنے کر دیا اور ڈھال بنالیا، ملک کے مسائل شریف خاندان کے پیدا کردہ ہیں، انہوں نے کہا کہ شہباز شریف 2 ہفتے کے عدالتی ریلیف کو 2 ماہ میں بدل کر آئے، بیٹے اور داماد کو بھی لے آتے تو قانون کا تقاضا پورا ہوجاتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف عدالت میں پیشی کی حکمت عملی اپنائیں، اپوزیشن لیڈر عدالتی سوالوں اور منی لانڈرنگ کا جواب دیں، وہ عدالت میں پیشی کے بعد حکومت کے خلاف حکمت عملی بنائیں۔

شہباز شریف کماؤ پتر سلمان شہباز سے متعلق بھی وضاحت کریں، شہباز شریف کہتے تھے کرپشن ثابت ہو تو سیاست چھوڑ دوں گا، معاون خصوصی اطلاعات کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے مجبوری میں یہاں عید منائی، نواز شریف کی پاکستان میں پہلی عید ہوئی، امید ہے شہباز شریف بھی اگلی عید پاکستان میں کریں گے۔


ای پیپر