نجی ٹی وی اینکر قاتلانہ حملے میں جاں بحق
09 جولائی 2019 (23:12) 2019-07-09

کراچی :ڈیفنس خیابان بخاری میں فائرنگ کے نتیجے میں نجی ٹی وی کے اینکر پرسن مرید عباس جاں بحق ہو گئے ۔

تفصیلات کے مطابق مرید عباس کے عاطف زمان کیساتھ لین دین کے تنازع پر کافی عرصہ سے جھگڑا چل رہا تھا ،مرید عباس آج عاطف زمان سے ملنے گئے جہاں ملزم عاطف زمان نے فائرنگ کر کے مرید عباس کو قتل کر دیا ،مرید عباس کے ساتھ آئے خضر نے موقع سے بھاگنے کی کوشش کی جس پر عاطف زمان نے فائرنگ کر دی ۔مرید عباس کی اہلیہ زارا عبا س نے بتایا کہ عاطف زمان کیساتھ کاروباری جھگڑا تھا ،اہلیہ کے مطابق عاطف زمان جو ٹائرکا کاروبار کرتا تھا اس نے میرے شوہر مرید عباس کا 50لاکھ دینا تھا جس کیلئے فون کر کے بلایا اور قتل کر دیا ۔

ایس ایس پی شیراز نذیر کے مطابق عاطف زمان نے مرید عباس کو گولی مارنے کے بعد خضر کو بھی گولیاں ماریں اور بعد میں عاطف زمان نے اپنے ہی فلیٹ میں خود کشی کر لی ۔

نجی ٹی وی اینکر مرید عباس کے قتل پر ڈی جی آئی ایس پی آر سمیت بلاول بھٹو ،وزیر اعلیٰ سندھ اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ،ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہم غمزدہ خاندان کے دکھ میں برا بر کے شریک ہیں ،دعا ہے اللہ تعالیٰ مرحوم مرید عباس کی مغفرت کرے ۔

دوسری طرف وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری کو امن و امان کنڑول میں رکھنے کی ہدایت کردی ۔


ای پیپر