کیپٹن (ر) صفدر کی ریلی میں شامل ہونے والے لیگی رہنمائوں کیخلاف مقدمہ درج
09 جولائی 2018 (14:01) 2018-07-09

راولپنڈی : پولیس نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے کیپٹن ( ر ) محمد صفدر کی ریلی میں شامل (ن) لیگ کے 15 رہنمائوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔


تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں میاں نوازشریف، مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن ( ر ) صفدر کو سزا سنائی ہے جنہیں گذشتہ روز نیب کی ٹیم نے ریلی کے دوران گرفتار کیا۔ کیپٹن ( ر ) صفدر کی گرفتاری کے موقع پر ان کے ہمراہ (ن)لیگ کے رہنمائوں نے رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی جس کا چیئرمین نیب نے نوٹس لیا تھا۔ کیپٹن ( ر ) محمد صفدر کی ریلی میں شریک (ن) لیگ کے 15 رہنمائوں کے خلاف تھانہ وارث میں مقدمہ درج کرلیا گیا جس میں چوہدری تنویر، دانیال چوہدری، شیخ ارسلان، ضیا اللہ شاہ اور راجہ حنیف سمیت سیکڑوں افراد کو شامل کیا گیا ۔


اس کے علاوہ مقدمے میں مسلم لیگ(ن)کے 2 صوبائی اسمبلی اور ایک قومی اسمبلی کے امیدوار بھی نامزد ہیں۔ مقدمہ دفعہ 3/7 اور 341، 188، 147، 149 ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزی کے تحت درج کیا گیا۔ایف آئی آ ر کے متن میں کہا گیا ہے کہ نیب عدالت سے سزا یافتہ محمد صفدر نے ریلی کی قیادت کی اور روڈ بلاک کیا، نامزد ملزمان نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی اور جرم کا ارتکاب کیا۔


ای پیپر