Funeral prayers, Hazara community, quetta, buried, six days
09 جنوری 2021 (11:19) 2021-01-09

کوئٹہ : سانحہ مچھ میں جاں بحق ہونے والے ہزارہ برادری کے افراد کی نماز جنازہ ادا کر  دی گئی اور چھ  دن بعد ان کی میتیں  دفنا دی گئیں ۔

تفصیلات کے مطابق سانحہ مچھ میں جاں بحق ہونے والے ہزارہ برادری کے 11 اافراد کی نماز جنازہ کوئٹہ کی امام بارگاہ ولی عصر میں ادا کر دی گئی۔شہیدوں کی تدفین کوئٹہ کے ہزارہ قبرستان میں کی گئی۔ نماز جنازہ علامہ راجہ ناصر عباس نے پڑھائی ۔ ہزارہ برادری کے ان شہدا کی لاشیں سخت سردی میں چھ روز تک کوئٹہ کے مغربی پائی پاس پر پڑی رہیں اور مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم آئیں گے تو ہم اپنی میتیں دفنائیں گے لیکن وزیر اعظم عمران خان نے اسے بلیک میلنگ قرار دیتے ہوئے آنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ آپ میتوں کو دفن کریں میں اسی دن آجائوں گا۔

اطلاعات ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی آج کسی بھی وقت کوئٹہ پہنچ کر لواحقین سے ملاقات کریں گے اور اس کو یہ یقین دلائیں گے کہ انصاف کی فراہمی کیلئے حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم عمران خان اس موقع پر شیعہ مسلک کے علما سے بھی ملاقات کریں گے 

یاد رہے کہ 6 دن قبل کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے ہزارہ برادری کے 11 کان کنوں کو دہشت گردی کے ایک واقعہ میں شہید کر دیا گیا تھا جس کے بعد ان کے لواحقین نے اپنی لاشیں دفنانے سے انکار کر دیا تھا۔ گزشتہ رات بلوچستان حکومت کی یقین دہانیوں کے بعد آج ان کی میتوں کو دفنایا گیا ہے۔ 


ای پیپر