فائل فوٹو

بنگلہ دیشی کرکٹر مشفیق الرحیم کا دورہ پاکستان سے انکار
09 جنوری 2020 (16:18) 2020-01-09

ڈھاکہ: بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں کو دورہ پاکستان کیلئے راضی کرنے کی کوششیں شروع کر دیں۔

بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق اس سلسلے میں کم از کم تین سینئر کرکٹرز سے بورڈ کے صدر نظم الحسن نے ملاقات کی اور ان کی مرضی جاننے کی کوشش کی ہے۔ ذرائع کے مطابق چند کھلاڑیوں نے اس سلسلے میں رضامندی ظاہر کرتے ہوئے بورڈ کے حکومت کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے پر دستخط کردیے ہیں۔

غالب امکان ہے کہ کھلاڑیوں کی اکثریت پاکستان کے دورے کیلئے مان جائے گی تاہم وکٹ کیپر بیٹسمین مشفیق الرحیم کی شرکت مشکوک بتائی جارہی ہے۔ اس بارے میں بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چوہدری کے حوالے سے رپورٹ کیا گیا ہے کہ ہم کھلاڑیوں سے پاکستان کی سیکیورٹی اور دیگر معلومات شیئر کر رہے ہیں اور انہیں بریف کیا جارہا ہے تاہم اس وقت کوئی بات حتمی طور پر نہیں کہی جاسکتی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ مشفیق نے بورڈ سے واضح طور پر کہہ دیا تھا کہ سیریز پاکستان میں کھیلی گئی تو وہ اس میں شرکت نہیں کریں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دورہ پاکستان کے حوالے سے حتمی فیصلہ 12 جنوری کو ہونے والی بورڈ میٹنگ میں متوقع ہے۔ فیصلہ مثبت ہونے کی صورت میں ٹیم کی روانگی 18 جنوری متوقع ہے۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش کو جنوری، فروری میں دورہ پاکستان کرتے ہوئے 3 ٹی ٹوئنٹی اور دو ٹیسٹ میچز کھیلنا ہیں۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ پہلے ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے اور ٹیسٹ میچز کے حوالے سے بعد میں بات کرنے کا موقف اپناتے رہے ہیں۔


ای پیپر