جب کرپٹ لوگوں کا پیچھا کریں گے تو نیا پاکستان بنے گا، وزیر اعظم
09 دسمبر 2019 (19:54) 2019-12-09

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بدعنوانی کے خاتمے کےلئے اقدامات اجاگر کریں، پاکستان میں کرپٹ افراد پر پھول نچھاور کئے جاتے ہیں۔جب کرپٹ لوگوں کا پیچھا کریں گے تو نیا پاکستان بنے گا ، جس ملک میں کرپشن نہیں ہے وہ ترقی یافتہ ہیں۔

 انسداد بدعنوانی کا عالمی دن کے موقع پراینٹی کرپشن ایپ لانچ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بدعنوانی سے متعلق ایپ لانچ کر کے بڑی خوشی ہوئی، اینٹی کرپشن پنجاب کی کارکردگی متاثرکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں تیس سال بعد بھی کرپٹ افراد کو پکڑا جاتا ہے، کرپٹ لوگ پیسہ بینکوں کے ذریعے نہیں ٹی ٹیز کے ذریعے باہر بھجواتے ہیں، کرپٹ لوگ پیسہ باہر بھجوا کر ملک کا دوگنا نقصان کرتے ہیں۔

عمران خان نے کہا  پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ اوورسیز پاکستانی ہیں، منی لانڈرنگ سے ملک کا نقصان ہوتا ہے، کرپٹ معاشروں میں سرمایہ کاری نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے کک بیکس کےلئے بنائے جاتے ہیں، وزیراعظم نے کہا کہ لوگوں کو سمجھ نہیں کہ پیسہ چوری کرنے سے ملک کو کتنا نقصان ہوتا ہے، کرپشن ہوتی ہے تو لوگوں کو پتہ چل جاتا ہے، پہلے کرپشن ہوتی تھی تو لوگوں کو علم نہیں ہوتا تھا، بیروت، چلی اور عراق میں لوگ کرپشن کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں کہتے ہیں کہ اگر کھاتا ہے تو لگاتا بھی ہے، ایسی باتیں وہ لوگ کرتے ہیں جنہوں نے دنیا نہیں دیکھی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کرپشن کے خلاف جہاد میں قوم کو بھی حصہ لینا ہو گا،نوجوان جب کرپٹ لوگوں کا پیچھا کریں گے تو نیا پاکستان بنے گا، کرپٹ آدمی ملک اور عوام کا دشمن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میٹرو غیر ضروری منصوبہ ہے یہ منصوبہ پیسوں کےلئے بنایا گیا، کرپشن کے خلاف نوجوانوں کو خاص شرکت کرنا ہو گی، کرپشن سے متعلق عوام کو بتائیں کہ اس سے کیا نقصان ہوتا ہے، ہم نے ایپ لانچ کی ہے تو اس کے بارے میں بھی عوام کو بتانا ہو گا،ضرورت ہو تو اشتہار کے ذریعے عوام کو بتائیں اس سے کیا فائدہ ہو گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ کرپشن کے خلاف ایپ کا آغاز بہت بڑی کامیابی ہے، پنجاب حکومت کرپشن کے خاتمے کےلئے پرعزم ہے، ایپ کے ذریعے کسی بھی ادارے کے خلاف شکایت درج کرائی جاسکے گی، احتساب اور انصاف تحریک انصاف کا بنیادی ایجنڈا ہے، نہ کرپشن کریں گے اور نہ ہی کسی کو کرنے دیں گے، کرپشن کے خلاف جہاد کریں گے۔


ای پیپر