عمران صاحب کا خطاب قوم کو سمجھ نہیں آیا: مریم اورنگزیب
09 دسمبر 2019 (16:13) 2019-12-09

لاہور : پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اونگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب آپ نے آج اپنے خطاب میں کیا کہا عوام کوکچھ سمجھ نہیں آیا ، طبیعت تو ٹھیک تھی عمران صاحب سارا خطاب ہوتا ہے ، ہوتی ہے ، جنون ہے ، دماغ ، دل ، یہ ہے، وہ ہے، یہ تھا، وہ تھا عمران صاحب آپ کا نیا پاکستان آج کے خطاب تک تصوراتی ہے، عمران صاحب آپ نے صحیح کہا آپ کا موازنہ دوسری حکومتوں سے کیا جائے گا موازنہ کیا جائے گا کہ پندرہ ماہ میں ترقی کی شرح آدھی اور مہنگائی تین گنا کر دی موازنہ کیا جائے گا ۔

وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل میں انہوں نے کہا پندرہ ماہ میں تاریخی 14 ہزار ارب کا قرض لیا موازنہ کیا جائے گا ،نواز شریف کے سی پیک ، گیارہ ہزار میگاواٹ بجلی، گیارہ ہزار کلو میٹر موٹروے کا لنگر، انڈے ، کٹوں اور مرغیوں سے عمران صاحب موازنہ ہو گا ،شہباز شریف کی لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی ، ملتان میٹرو اور اورنج ٹرین کا پشاور میٹرو کے ایک ارب کے کھڈوں کے ساتھ عمران صاحب میرٹ کا قتل عام تو آپ جیسے نالائق اور نااہلوں کو 22 کروڑ عوام پہ مسلط کر کے ہو گیا ۔

عمران صاحب آپ کا میرٹ ، بی آر ٹی کے ایک کھرب کے کھڈوں کی کرپشن کی تحقیقات کو روکنا ہے، عمران صاحب آپ کا میرٹ خیبرپختونخواہ میں احتساب کمیشن اور اینٹی کرپشن کو تالا لگانا ہے ، عمران صاحب آپ کا میرٹ پارلیمان کو تالا ، اپوزیشن کو سزائے موت کی چکیوں میں ڈالنا اور میڈیا کی زبان بند کرنا ہے۔


ای پیپر