بھارت خطے کے استحکام کےلئے جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال کرے،چین
09 اگست 2019 (18:31) 2019-08-09

بیجنگ: چین نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت خطے کے استحکام اور قیام امن کےلئے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو بحال کرے، چین مسئلہ کشمیر سے متعلقہ پاکستانی بیان کو دیکھ رہا ہے، فریقین کشمیر کی خصوصی حیثیت کے حوالے سے باہمی تعلقات کو تبدیل مت کریں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز معمول کی پریس بریفنگ کے دوران چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہواچھن اینگ نے کہا کہ چین بھارت سے مطالبہ کرتا ہے کہ خطے میں استحکام اور قیام امن کےلئے کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال کرے، چین مسئلہ کشمیر بارے پاکستان کی جانب سے جاری کئے گئے بیان پر غور کر رہا ہے، چین چاہتا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے فریقین باہمی تعلقات کو خراب نہ کریں۔

چین کی خواہش ہے کہ پاک بھارت مسئلے کو مشترکہ طور پر خطے میں بحالی امن اور استحکام کےلئے نئے باہمی مشاورت اور مذاکرات کے ذریعے حل کریں، اس سے پہلے اسلام آباد میں چین کے سفیر یاﺅجنگ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت میں تبدیلی نے خطے میں امن و استحکام کو زک پہنچائی ہے۔

بھارتی حکومت کشمیر کی خصوصی حیثیت کو تنہا ختم نہیں کر سکتی اور یہ تبدیلی خطے میں عدم استحکام کا باعث ہو گی،ہم اس مسئلے پر نظر رکھے ہوئے ہیں، پاکستان اور چین خطے میں امن و استحکام کےلئے مشترکہ کوشش کر رہے ہیں، یہ بیان چینی سفیر نے تقریب میں اپنی تقریر سے الگ دیا۔


ای پیپر