فوٹو بشکریہ فیس بک

رمضان شوگر ملز کیس، شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد
09 اپریل 2019 (09:50) 2019-04-09

لاہور: رمضان شوگر ملز کیس میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز پر رمضان شوگر ملز کیس میں فرد جرم عائد کردی، تاہم دونوں رہنماوں نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت میں سماعت شروع ہوئی تو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ رمضان شوگر ملز کیس میں مل کیلئے سرکاری خزانے سے نالہ بنایا گیا، یہ اختیارات سے تجاوز کا کیس ہے۔

شہباز شریف نے کچھ کہنے کی کوشش کی تو عدالت نے انہیں روک دیا اور کہا کہ آپ کو سب کچھ کہنے اور سنانے کا موقع دیا جائے گا۔

عدالت نے کہا کہ یہ قانونی اور پروسیجرل چیزیں ہیں جو قانون کے مطابق ہونی ہیں جس پر شہباز شریف نے کہا کہ میں نے 10 سال میں کئی سو ارب روپے بچائے ہیں حکومت کے، کیا میں نے نالے کے لئے سرکاری خزانہ استعمال کرنا تھا۔

عدالت نے شہباز شریف کو کہا کہ ابھی آپ پر الزام ہے، جسے ثابت ہونا باقی ہے۔

عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر رمضان شوگر ملز کیس میں فرد جرم عائد کردی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔


ای پیپر