نیازی اور زرداری گٹھ جوڑ عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے:شہبازشریف
09 اپریل 2018 (20:40) 2018-04-09

لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہم نے ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے جامع پروگرام کو آگے بڑھایا ہے ۔ حکومت نے عام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں اورصحت، تعلیم، زراعت اور دیگر شعبوں کی ترقی کیلئے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ تمام وسائل عوام کی امانت سمجھتے ہوئے ان کی فلاح و بہبود پر صرف کئے ہیں اورہمارا ایجنڈا عوام کی ترقی ہے اور رہے گا۔ہمارے سیاسی مخالفین کا ایجنڈا صرف بے بنیاد الزامات اور جھوٹ رہا ہے جبکہ ہم نے ترقی کے مخالفین کی پرواہ کئے بغیر ترقیاتی منصوبوں کی شفاف تکمیل کو یقینی بنایا ہے اورعوام کی خدمت ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیاجنہوں نے آج یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ عوام کی خوشحالی کے پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھاتے رہیں گے اور2018 جھوٹ اور الزامات کی سیاست کرنے والوں کی شکست کا سال ہے ۔ عوام کی خدمت اور ملک کی ترقی کے ریکارڈ کے ساتھ عوام کے پاس جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا نصب العین صرف اور صرف عوام کی خدمت ہے ۔ہم نے ملک وقوم کی ترقی اور خوشحالی کی سیاست کے کلچر کو فروغ دیا ہے ۔پاکستان کے عوام صرف اور صرف ترقی و خوشحالی اور امن چاہتے ہیں۔ ہم نے ملک کی ترقی و خوشحالی کو قدم قدم پر مقدم رکھا ہے جبکہ مفاد عامہ کے منصوبوں میں رخنہ ڈال کر دھرنا گروپ نے عوام سے کھلی دشمنی کی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایک دوسرے پر الزامات لگانے والے نیازی اور زرداری اب ذاتی مفادات کی خاطر ایک ہوچکے ہیں اور یہ دونوں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ نیازی اور زرداری گٹھ جوڑ عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شکست خوردہ سیاسی عناصرنے جھوٹ، بے بنیاد الزامات اور دشنام طرازی کی سیاست کو فروغ دیا ہے ۔ پاکستان کے باشعور عوام ایسے عناصر کو عام انتخابات میں یکسر رد کر دیں گے کیونکہ جھوٹ کی سیاست کے پاﺅں نہیں ہوتے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ الزامات کی سیاست کرنے والوں کے چہرے عوام پر عیاں ہو چکے ہیں کیونکہ تبدیلی کے دعویداروں نے عوام کو کھوکھلے نعروں کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ اپنے دور میں لوٹ مار کرنے والے اور دھرنا دینے والے ہماری حکومت کی کارکردگی سے خوفزدہ ہیںاور عام انتخابات میں شکست ان عناصر کا مقدر ہے ۔ شکست خوردہ اور مایوس عناصر نے عوام کی ترقی کی مخالفت کی، عوام آئندہ انہیں سبق سکھائیں گے۔مخالفین جتنے چاہیں منفی حربے استعمال کر لیں، ہم عوام کی ترقی و خوشحالی کو آگے بڑھاتے جائیں گے۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں رکن قومی اسمبلی بیگم عفت لیاقت اور رکن صوبائی اسمبلی سلطان حیدر علی خان شامل تھے۔


ای پیپر