عمران خان نے مرکزی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس 12 اپریل کو طلب کر لیا
09 اپریل 2018 (17:41)

اسلام آباد : یئرمین تحریک انصاف نے 12اپریل کو اسلام آباد میں مرکزی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، چیئرمین تحریک انصاف اجلاس کی صدارت کریں گے۔یہ بات تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان و مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق اہم فیصلے کئے جائیں گے۔

اجلاس میں مرکزی مجلس عاملہ کی منظوری کیلئے تحریک انصاف کاضابطہ اخلاق پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 29 اپریل سے شروع ہونے والی ملک گیر انتخابی مہم کے مختلف پہلووں پر مفصل بات چیت اورانتخابی مہم کے نکتہ آغاز کے طور پر منعقد ہونے والے لاہور کے جلسہ عام کے حوالے سے ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی۔چیئرمین تحریک انصاف نے مجلس عاملہ کے اہم ترین اجلاس کی تیاریاں مکمل کرنے اوراراکین مجلس عاملہ کو اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

ملک بھر سے اراکین کو 12 اپریل کے اجلاس میں شرکت کیلئے دعوت نامے ارسال کر دیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اجلاس کی کارروائی میں اراکین کی باسہولت شرکت یقینی بنانے کیلئے خصوصی اجازت نامے جاری کئے جائیں گے۔


ای پیپر