وزیراعظم، آرمی چیف وفد کے ہمراہ بیجنگ پہنچ گئے
08 اکتوبر 2019 (11:05) 2019-10-08

اسلام آباد: مسئلہ کشمیر اور خطے کی صورتحال کے تناظر میں سیاسی اور عسکری قیادت کا دورہ چین، وزیراعظم عمران خان آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ وفد کے ہمراہ بیجنگ پہنچ گئے۔

بیجنگ پہنچنے پر چینی وزیر ثقافت لوشوگنگ نے پاکستانی قیادت کا استقبال کیا، چین کی مسلح افواج کے چاک وچوبند دستے نے وزیراعظم کو سلامی بھی دی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ چین کی عسکری قیادت اور پیپلز لیبریشن آرمی کے کمانڈر سے ملاقاتیں کریں گے، سپہ سالار، وزیر اعظم کی چینی صدر اور وزیر اعظم کے ساتھ ملاقاتوں میں شریک ہوں گے۔ عمران خان کے اعزاز میں چینی صدر اور وزیراعظم عشائیہ بھی دیں گے۔

وزیراعظم چینی قیادت کیساتھ ملاقاتوں میں خطے میں امن وامان، ترقی اور سی پیک کے منصوبوں کے حوالے سے بات چیت کریں گے، 5 اگست کے بعد مقبوضہ کشمیر میں پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی ہوگا۔

پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے، وزیراعظم بیجنگ میں ہونے والی بین الاقوامی ہارٹیکلچر ایکسپو میں مہمان خصوصی بھی ہوں گے۔ عمران خان چینی تاجروں کیساتھ ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری اور شراکت داری پر اظہار خیال بھی کریں گے۔

وزیراعظم کے ساتھ جانے والے وفد میں وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی، وزیر ریلوے شیخ رشید، وزیر منصوبہ بندی خسروبختیار، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی سمیت دیگر حکام شامل ہیں۔


ای پیپر