پیپلزپارٹی کی حکومت نے تحریک انصاف کو گرین سگنل دیدیا
08 اکتوبر 2018 (18:25) 2018-10-08

اسلام آباد:پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف 5سال بالکل فری ہوکرحکومت کرے‘ حکومت کو وقت سے پہلے ہٹائیں گے تو ملک تباہ ہوجائےگا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز رہنما پیپلزپارٹی اور سابق قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ‘پاکستانی اداروں کی دنیامیں مثالیں دی جاتی تھیں‘ غیرملکی ایئرلائنزکوپی آئی اے نے تربیت دی تھی، کیا وجہ ہے کہ دنیا آگے نکل رہی اور ہم پیچھے چلے جارہے ہیں۔خورشیدشاہ کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں سمیت عوام بھی ان حالات کے ذمہ دارہیں، معیشت،سیکیورٹی سمیت تمام معاملات کے ذمہ دارہم خود ہیں، ہمارے پاس وژن ہے لیکن پلاننگ کا فقدان ہے۔

رہنما پی پی نے کہا کہ ہمارے اپنے مفادات ہیں،ہر حکومت اپنا مفاد سامنے رکھتی ہے، ملک کیلئے جذبے سے کام کریں گے تو ہم بہتری کی جانب جائیں گے، ہم تو اس میں پھنسے ہوئے ہیں ڈیم بننا چاہیے یا نہیں بننا چاہیے، ڈیم کیلئے اقدامات کرنے پر توجہ ہی نہیں دی جارہی۔ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی ہے پاکستان میں آج تک خود مختار پارلیمنٹ نہیں آئی، ہر اس ملک نے ترقی کی جس کی پارلیمنٹ مضبوط اور خودمختار ہے، جو قومیں تاریخ سے نہیں سیکھتیں وہ زندہ نہیں رہ سکتیں۔خورشیدشاہ نے کہا کہ پاکستان میں مسلسل 24 سال آمریت رہی یہ تاریخ کا حصہ ہے، ہماری فانڈیشن ہی بگاڑ دی گئی تو ملک کیسے آگے بڑھ سکتا تھا۔

سابق قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو کہا تھا کہ ہم چاہتے ہیں آپ حکومت کریں، پی ٹی آئی 5سال بالکل فری ہوکرحکومت کرے، کوئی پارٹی بھی حکومت میں آئے ہم چاہتےہیں وہ پانچ سال حکومت کرے۔انھوں نے کہا کہ نوازشریف دورمیں بھی پارلیمنٹ میں جمہوریت کاساتھ دیا تھا، مسلم لیگ (ن )کو بھی کہا تھا آپ 5سال مکمل حکومت کریں، حکومت کو وقت سے پہلے ہٹائیں گے تو ملک تباہ ہوجائےگا‘ تاثرہے ا پوزیشن حکومت کیلئے تیاربیٹھی ہے ۔آبادی کے حوالے سے پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ آبادی کی صورت میں ہم ایٹم بم سے بڑابم تیارکررہے ہیں، آبادی کوایڈریس کرنےکی ضرورت ہے۔


ای پیپر