فائل فوٹو

اگر استعفیٰ ہی شرط ہے تو مذاکرات نہیں ہونے چاہئیں، عمران خان
08 نومبر 2019 (15:47) 2019-11-08

اسلام آباد: چوہدری پرویز الٰہی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں مولانا فضل الرحمان سے ہونے والی 5 ملاقاتوں کی تفصیلات بتائیں۔

پرویز الٰہی نے وزیراعظم کو مذاکرات کے تعطل کی وجوہات سے بھی آگاہ کیا۔ عمران خان سے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات جاری ہے جس میں انہیں رہبر کمیٹی سے ہونے والی ملاقاتوں پر بریفنگ دی جا رہی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ حکومتی کمیٹی کی رہبر کمیٹی کی شرائط پر وزیراعظم سے مشاورت کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بار بار استعفے کی بات ہو رہی ہے۔ اگر استعفیٰ ہی شرط ہے تو مذاکرات نہیں ہونے چاہئیں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر دفاع اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک نے جب تقریر کا آغاز کیا تو اپوزیشن اراکین نے شور شرابا کیا جس پر پرویز خٹک نے کہا کہ آج دل سے بولنا چاہتا ہوں، کیا آپ لوگ سنیں گے، سن لیں یہ تماشہ نہیں چلے گا۔

انہوں نے کہا کہ مارچ والے صبر کریں، ابھی بہت کچھ دیکھنا اور برداشت کرنا پڑے گا، جتنا بیٹھنا ہے بیٹھو لیکن ملک کو نقصان نہیں پہنچانا۔ اگر مولانا کہتے ہیں جرگہ ٹائم پاس کے لیے ہے تو ہم بھی آپ سے ٹائم پاس کر رہے ہیں۔

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ اگر جمہوریت کی بات کرتے ہیں تو آئیں ٹیبل پر بیٹھیں۔


ای پیپر