Pakistan's economic situation, the IMF offered help
کیپشن:   فائل فوٹو
08 May 2021 (11:37) 2021-05-08

اسلام آباد: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کی دگرگوں معاشی صورتحال کے پیش نظر مدد کی پیشکش کر دی ہے۔

انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اس وقت کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے شدید معاشی مشکلات کا شکار ہے، اس تناظر میں عالمی ادارہ سمجھتا ہے کہ اگر پاکستان کو معاشی سست روی سے نکلنے کیلئے کسی مدد کی ضرورت ہے تو ہم اس کیلئے تیار ہیں۔

خیال رہے کہ وزیر خزانہ شوکت ترین نے اپنے حالیہ بیان میں آئی ایم ایف سے کہا تھا کہ وہ پاکستان پر قرضوں کی صورت میں عائد سخت شرائط پر نظر ثانی کرے۔ یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کیساتھ مئی 2019ء میں چھ ارب ڈالر کا معاہدہ کیا تھا۔ 

اب آئی ایم ایف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی وبا کے دوران پاکستان کی معیشت جس مشکل صورتحال اور بحران سے دوچار ہے، اس کیلئے ہم اس کی مدد کرنے کو مکمل طور پر تیار ہیں۔ تاکہ پائیدار نمو اور مضبوطی کیلئے معاونت مل سکے۔

یہ بیان آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر برائے مواصلات گیری رائس کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم نے حال ہی میں پاکستان کو پچاس کروڑ ڈالرز فراہم کرنے کی اجازت دی ہے جس سے پاکستان کو 2 ارب ڈالرز کی مجموعی طور پر فراہمی ہو چکی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ آٹھ اپریل کو آئی ایم ایف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ عالمی وبا سے پاکستان کی ترقی کو نقصان پہنچا ہے۔ تاہم پاکستان نے اس دوران جو پالیسیاں اپنائیں وہ ملکی معیشت کی مدد کرنے، انسانی جانوں اور کاروبار ر کو بچانے میں اہم رہیں۔


ای پیپر